کارکنوں کے مقدمات کی سماعت روکنا تشویشناک : اسد قیصر

 کارکنوں کے مقدمات کی سماعت روکنا تشویشناک : اسد قیصر

ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہو چکی :رہنما پی ٹی آئی عوام انصاف کیلئے عدلیہ کا دروازہ نہ کھٹکھٹائیں تو آخر کہاں جائیں؟:بیان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پی ٹی آئی رہنماء و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین پُرامن سیاسی جدوجہد، احتجاج اور اختلافِ رائے کا بنیادی حق دیتا ہے لیکن ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہو چکی ، وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ کو پی ٹی آئی کارکنوں کے مقدمات کی سماعت سے روکنا انتہائی افسوسناک اورتشویشناک ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس ‘‘ پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ عوام انصاف کیلئے عدلیہ کا دروازہ نہ کھٹکھٹائیں تو آخر کہاں جائیں؟، یہی طرزِ عمل عوام کا عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں پر اعتماد ختم کرنے کا باعث بن رہا ہے ،جب ریاستی ادارے طاقتور افراد کے سامنے بے بس دکھائی دیں تو عوام کا اداروں سے اعتماد اٹھنا فطری امر ہے ۔اسد قیصر نے مزید کہا کہ سیاسی اختلاف کو جرم بنانا اور پُرامن سیاسی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے روکنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں، عدلیہ کو عوام کے اعتماد کی بحالی کیلئے اپنے آئینی کردار کو پوری آزادی اور غیر جانبداری کے ساتھ ادا کرنا ہوگا،ہمارا مطالبہ ہے بے گناہ سیاسی کارکنوں کے خلاف غیر قانونی کارروائیاں بند کی جائیں،16 ایم پی او کے تحت گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جائے اور انہیں انصاف کے حصول کیلئے مؤثر قانونی راستہ فراہم کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...