سندھ کاسیاسی درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ رہا ، آفاق احمد
طاقت کے مظاہروں کے اعلانات امن کیلئے خطرہ، دسمبر میں ہم طاقت دکھائینگے قادر مگسی ہوں یاایم کیو ایم پاکستان، لگامیں پوشیدہ ہاتھوں میں ہونے کاتاثر عام ہے
حیدرآباد (بیورو رپورٹ) مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے کہا ہے کہ سندھ میں سیاسی درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے اور طاقت کے مظاہروں کے اعلانات امن کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔ دسمبر میں ہم عوامی طاقت دکھائینگے ۔ وہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ قادر مگسی ہوں یا ایم کیو ایم پاکستان عام تاثر ہے کہ ان کی لگامیں پوشیدہ قوتوں کے ہاتھ میں ہیں۔ ماضی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ان کے اور الطاف حسین کے درمیان تصادم کے چرچے تھے ، تب بھی خون خرابے کو آپسی اختلاف قرار دیا گیا جبکہ ایدھی فاؤنڈیشن نے 83 ہزار لاوارث لاشیں دفنائیں۔ عوام کو دیکھنا ہوگا کہ اس لاشوں کی سیاست کا اصل بینیفشری کون ہے ۔ آفاق احمد نے سندھ کے 3,500 جاگیرداروں اور وڈیروں کو صوبے کے وسائل پر قبضہ کرنے والا ناسور قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ان مظلوم سندھیوں کے خلاف نہیں جو خود ظلم کا شکار ہیں، بلکہ وڈیرے خود اپنے لوگوں کو کھا گئے ہیں۔ شہری علاقوں کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ بچوں کا مستقبل تاریک کر کے حقداروں کے خوابوں کو چکنا چور کیا جا رہا ہے ۔ کراچی کو صوبہ بنانے کے نعرے پر دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ مہاجروں کا نہیں بلکہ وفاق کا نعرہ ہے ، اور کوئی بھی مہاجر تیسری بار قوم کی تقسیم نہیں چاہتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی جماعت موجودہ تصادم سے دور رہے گی اور اس سلسلے میں دسمبر میں ایک بڑا عوامی پنڈال سجایا جائے گا تاکہ عوام کو حقیقت سے آگاہ کیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments