بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کااڈیالہ جیل میں طبی معائنہ
راولپنڈی (احمد بھٹی)بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ پمز ہسپتال کے ڈاکٹر عارف کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے کیا،ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عارف کو جیل ہسپتال کے طبی عملہ کی معاونت حاصل تھی۔
ڈاکٹر عارف کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم شام گئے اڈیالہ جیل پہنچی ،طبی ٹیم نے بانی کے بلڈ پریشر ،حرارت ، نبض اور ظاہری مشاہدہ کیا ۔طبی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے صحت سے متعلق مختلف سوالات کئے ۔طبی ٹیم نے ادویات کا جائزہ لیا اور مختلف ہدایات دیں۔طبی ٹیم نے بشریٰ بی بی کا بھی طبی معائنہ کیا ،طبی ٹیم جیل سے واپس روانہ ہو گئی ۔طبی معائنہ کے بعد بانی اور بشریٰ بی بی کو اپنے اپنے سیل میں منتقل کر دیا گیا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مکمل میڈیکل ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کی متفرق درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں اڈیالہ جیل حکام سے ان کی تازہ اور جامع میڈیکل رپورٹ، تشخیص اور علاج کی مکمل تفصیلات سمیت تمام متعلقہ طبی دستاویزات طلب کرنے کی استدعا کی گئی ۔ بشریٰ بی بی نے فوری طور پر ماہر امراضِ چشم سے معائنہ اور جیل میڈیکل افسر کے ساتھ طبی مشاورت کی اجازت دینے کی درخواست بھی کی،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کی آنکھوں کی حالت تیزی سے خراب ہو رہی ہے ، لہٰذا بینائی کو محفوظ بنانے کے لیے فوری طبی اقدامات ضروری ہیں، بشریٰ بی بی نے ذاتی خرچ پر ماہر ڈاکٹر سے علاج کروانے اور مناسب طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی استدعا کی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments