اسلام آباد بلدیاتی الیکشن:امیدواروں سے تیسری بار 42لاکھ فیس وصول
تین ہزار امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ، پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی سابقہ دو مرتبہ الیکشن ہونے کے باوجود امیدواروں کوفیس واپس نہیں کی جاسکی
اسلام آباد (ایس ایم زمان) الیکشن کمیشن میں اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں تیسری مرتبہ حصہ لینے کے لیے تین ہزار امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن سے فیس کی مد میں 42 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کی گئی ۔ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔اس سے قبل الیکشن کمیشن دو مرتبہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر چکا تاہم دونوں مرتبہ انتخابات ملتوی ہوگئے تھے ۔ 2022 میں امیدواروں سے فیس کی مد میں 30 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے گئے تھے جبکہ گزشتہ سال 125 یونین کونسلز کی 1125 نشستوں کے لیے 4270 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے اور مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے سے زائد فیس وصول کی گئی تھی۔گزشتہ سال جاری کیے گئے انتخابی شیڈول کے مطابق پولنگ 15 فروری 2026 کو ہونا تھی تاہم یہ انتخابات بھی منعقد نہ ہوسکے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سابقہ دونوں انتخابی مراحل میں وصول کی گئی فیس کی واپسی کا فیصلہ بھی تاحال نہیں ہوسکا۔اب الیکشن کمیشن نے تیسری مرتبہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے شیڈول جاری کیا ہے جس کے تحت امیدواروں سے کاغذات نامزدگی کی مد میں 42 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments