پانی کا ہر قطرہ قیمتی، کراچی اور حیدر آباد کیلئے پائیدار آبی منصوبہ بندی ناگزیر:وزیر اعلیٰ
مرادشاہ کی زیر صدارت اجلاس،جڑواں شہروں میں پانی کی فراہمی بہتر،کوٹڑی بیراج کی بندش پر بلاتعطل فراہمی کی ہدایت کے بی فیڈر ،کے فور منصوبوں کا جائزہ،اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق اورڈپٹی اسپیکرغلام مصطفی شاہ کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات
کراچی (آن لائن، این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی اور حیدرآباد میں پانی کی صورتحال، دستیاب آبی وسائل، فراہمی کے انتظامات اور مستقبل کی ضروریات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کراچی کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اقدامات تیز کرنے ، کے بی فیڈر کی لائننگ اور کے فور منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے سمیت نہروں اور کوٹڑی بیراج کی آئندہ بندش کے دوران دونوں بڑے شہروں کو پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور آبپاشی جام خان شورو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نجم شاہ، سیکرٹری آبپاشی ظریف کھیڑو، چیف ایگزیکٹو آفیسر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن احمد علی صدیقی، چیف ایگزیکٹو آفیسر سندھ پیپلز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن خالد محمود اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مراد علی شاہ نے کینجھر جھیل میں پانی کے ذخیرے اور دستیابی کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دستیاب پانی کے وسائل کا مؤثر استعمال اور پانی کی بچت انتہائی ضروری ہے ۔ پانی کی ترسیل کے دوران ضیاع روکنے اور نہری نظام کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے کے بی فیڈر سی سی کی لائننگ کے کاموں کی پیش رفت کی قریبی نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے پانی کے ضیاع میں کمی اور کراچی کے لیے پانی کی دستیابی میں اضافے کے امکانات موجود ہیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لائننگ کے کاموں کے نتیجے میں متوقع پانی کی بچت کا درست اور مستند تخمینہ تیار کیا جائے اور اس بچت کو کراچی کی آبی منصوبہ بندی اور فراہمی کے نظام میں شامل کیا جائے ، تاکہ دستیاب وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو پانی کی زیادہ قابلِ اعتماد اور پائیدار فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ پانی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے صرف نئے منصوبوں پر انحصار کافی نہیں بلکہ موجودہ نظام کو بہتر بنانے ، پانی کے ضیاع کو روکنے اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال پر بھی خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور محکمہ آبپاشی کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے ، جبکہ کراچی اور حیدرآباد کی مجموعی آبی ضروریات کا مشترکہ جائزہ لے کر مستقبل کے لیے پیشگی انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی میں کسی بھی قسم کے تعطل سے بچنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون ضروری ہے ۔اجلاس کے دوران کوٹڑی بیراج کی فزیبلٹی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا اور طویل المدتی آبی تحفظ کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پانی کا ہر قطرہ قیمتی ہے ، اس لیے اس کے ضیاع کو روکنا اور دستیاب آبی وسائل کو محفوظ بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ آئندہ نہروں اور کوٹڑی بیراج کی بندش سے قبل تمام انتظامات مکمل کیے جائیں اور پانی کے ذخیرے ، ترسیل اور تقسیم کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ شہریوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔حکومت کی توجہ کراچی اور حیدرآباد کی بڑھتی ہوئی آبی ضروریات پوری کرنے ، پانی کے ضیاع میں کمی، مؤثر ترسیل اور پائیدار آبی انتظامات کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے ۔وزیراعلیٰ نے اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنائیں، جاری منصوبوں کی پیش رفت کی نگرانی کریں اور کسی بھی ممکنہ تعطل سے قبل بروقت اقدامات یقینی بنائیں تاکہ کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں کو پانی کی مسلسل اور قابلِ اعتماد فراہمی ممکن ہو سکے ۔علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفی شاہ اور رکن قومی اسمبلی اعجاز جکھرانی نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے اسپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر کو وزیراعلیٰ ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments