28 ویں ترمیم، ریفرنڈم کے نام پرتقسیم سندھ قبول نہیں ، جے یوآئی
جعلی ویڈیوز، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنا ،خواتین،بچوں کی گرفتاری شرمناک زیادتیاں عارضی، اپنے اسلاف کی حق کی جدوجہد جاری رکھیں گے ، علامہ راشد محمود سومرو
جیکب آباد (نمائندہ دنیا) جمعیت علما اسلام سندھ کے قائد علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ 28 ویں آئینی ترمیم، انتظامی یونٹس یا ریفرنڈم کے ذریعے سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں کریں گے، مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی ویڈیوز اور گھروں کی ڈرون فوٹیج بنانا، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنا اور خواتین و بچوں کو ہراساں کرکے گرفتاریاں کرنا شرمناک عمل ہے ، ظلم عارضی ہوگا، فتح حق کی ہوگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی وحدت اور عوام کے حقوق پر کسی قسم کا حملہ برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے جعلی ویڈیوز بنانا، قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن اور میرے گھروں کی ڈرون فوٹیج بنانا، سینیٹر ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ سمیت دیگر رہنماؤں کے گھروں میں داخل ہوکر چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنا، خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنا اور گرفتاریاں کرنا، جبکہ مفتی محمود مرکز کی بجلی منقطع کرنا انتہائی شرمناک عمل ہے ۔ راشد سومرو نے کہا کہ اس طرح کی زیادتیاں عارضی ہوتی ہیں، جے یو آئی نے اپنے اسلاف جنہوں نے انگریز سامراج کے خلاف بہادری سے ظلم و جبر کو برداشت کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے پیش کیے ، حق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کرنے والی قوتیں وقت کے ساتھ مٹ کر نشان عبرت بن گئیں، لیکن حق کے راستے پر چلنے والے ہمیشہ سرخرو رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments