واجبات کی ادائیگی میں تاخیر سے پرنٹ میڈیا شدید بحران کا شکار
پی آئی ڈی اسلام آبادکی جانب سے کی گئی ادائیگی کی تفصیلات اخبارات کو فراہم کی جائیں سندھ انفارمیشن کی جانب سے اشتہارات کی جلد ادائیگی ممکن بنائی جائے ،اے پی این ایس
کراچی (سٹاف رپورٹر ) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سرمد علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پی آئی ڈی اسلام آباد کی طرف سے واجبات کی ادائیگی میں تاخیر سے پرنٹ میڈیا شدید بحران کا شکار ہے ۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ واجبات کی ادائیگی جلد از جلد کی جائے ۔ اے پی این ایس کے اراکین نے توجہ دلائی کہ رجسٹریشن کا عمل انتہائی سست روی کا شکار ہے اور تجویز کیا کہ رجسٹریشن سے متعلق قواعد و ضوابط کو تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد سادہ اور سہل بنایا جائے ۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ وزارت اطلاعات اور اے پی این ایس کی کمیٹی کا اجلاس جلد از جلد منعقد کیا جائے ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پی آئی ڈی کی جانب سے کی گئی ادائیگی کی تفصیلات اخبارات کو فراہم کی جانی چاہئیں، مزید برآں اشتہارات اے پی این ایس کی معطل شدہ ایجنسیوں کو جاری نہ کئے جائیں۔ اراکین نے سندھ انفارمیشن کی جانب سے مئی، جون کے بلوں کی ادائیگی میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جس کی وجہ سے اخبارات بقاکے مسائل سے دوچار ہوگئے ہیں۔ اراکین نے مطالبہ کیا کہ جاری کردہ اشتہارات کی جلد ادائیگی ممکن بنائی جائے ۔
اجلاس میں اراکین نے اخبارات کے دیرینہ مسائل پر محکمہ اطلاعات سندھ کی عدم توجہی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے اخبارات و جرائد کو اشتہارات کا اجراطے شدہ حجم کے برعکس انتہائی کم ترین سطح پر آگیا ہے جبکہ اشتہارات کے اجرامیں اے پی این ایس رکن مطبوعات کو یکسر نظرانداز کیا جارہا ہے ۔اجلاس نے مطالبہ کیا کہ پرنٹ میڈیا کیلئے اشتہارات کا حجم بڑھایا جائے تاکہ وہ اپنی اشاعت برقرار رکھ سکیں۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے ایسوسی ایٹ ممبرشپ کیلئے راولپنڈی اور ملتان کے دو روزناموں کی درخواستوں پر غور کرتے ہوئے ایسوسی ایٹ ممبر شپ کی منظوری دی، جبکہ عبوری ایکریڈیشن کیلئے میسرز اولیو ڈیجیٹل پرائیویٹ لمیٹڈ کراچی کو عبوری ایکریڈیشن کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سینیٹر سرمد علی صدر اے پی این ایس، محمد اطہر قاضی سیکرٹری جنرل، محسن بلال جوائنٹ سیکرٹری، نوید کاشف فنانس سیکرٹری، محسن سیال ، بلال فاروقی ، اویس رازی ، فوزیہ شاہین ، نجم الدین شیخ ، محمد یونس مہر ، قاضی اسد عابد ، سید اکبر طاہر ، فیصل شاہجہاں ، جاید مہر شمسی ، عامر ملک ، طاہر قریشی ، ایس ایم منیر جیلانی ، مبشر میر ، ہمایوں گلزار ، عرفان اطہر اور محمد عرفان شریک ہوئے ۔وسیم احمد ، عنصر محمود بھٹی ، زاہدہ عباسی اور عرفان نے بذریعہ زوم شرکت کی۔ جبکہ ڈاکٹر جبار خٹک مبصر کے طور پر شریک ہوئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments