دو روزہ ای سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس آج، وفود کی اسلام آباد آمد شروع

دو روزہ ای سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس آج، وفود کی اسلام آباد آمد شروع

ایرانی وزیر خارجہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے ،ترکیہ کی نمائندگی نائب وزیر خارجہ کرینگے شمالی قبرص کے وزیر خارجہ پہنچ گئے ، افغانستان کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ، سفارتی ذرائع کی تصدیق

 اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) ایک ایسے وقت میں جب پاکستان عالمی سفارت کاری کا مرکزِ نگاہ بنا ہے، پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک بھی پاکستان کی جانب دیکھ رہے ہیں، ملک میں بڑی سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں ، اسی سلسلے میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا دو روزہ اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے ، جس کی صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے ، پاکستان کے پاس اس وقت ای سی او کی چیئرمین شپ ہے ،ای سی او سب سے بڑا اور فیصلہ ساز فورم ہے۔

اجلاس میں سال بھر کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جاتا ہے اور آئندہ سرگرمیوں کی پلاننگ اور ان کی منظوری دی جاتی ہے جبکہ آرگنائزیشن کے بجٹ کی منظوری بھی دی جاتی ہے ، اجلاس میں ای سی او سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے بارے میں غور کیا جاتا ہے ، جو ہر دو سال بعد ہوتا ہے ، ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے لئے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ، اجلاس میں شرکت کیلئے شمالی قبرص کے وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ چکے ، باقی وزرائے خارجہ اور وفود آج پہنچیں گے ، اجلاس میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی شرکت بھی متوقع ہے ،ذرائع کے مطابق وہ اسلام آباد آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔

ترکیہ کے وزیر خارجہ اس اجلاس میں شریک نہیں ہو رہے ، ان کی جگہ ترک نائب وزیر خارجہ شرکت کریں گے ،افغانستان جو ای سی او کا رکن ہے ، لیکن اس سال اجلاس میں اسے دعوت نہیں دی گئی ، اس کی تصدیق سفارتی ذرائع سے کی گئی ، ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے قبل رکن ممالک کے سینئر حکام کا اجلاس ہوگا ، ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر نے جاری بیان میں کہا کہ ای سی او کے چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان ‘‘علاقائی تعاون کی بحالی، مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لئے ’’ کام کرے گا ، پاکستان کی چیئرمین شپ کا محور علاقائی روابط کو مضبوط بنانا ہے ، یہ اجلاس ای سی او کے کردار کو علاقائی تعاون، مکالمے اور اقتصادی اشتراک کے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر دوبارہ فعال بنانے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...