کسی بھی معاملے پر بات براہ راست عمران سے کریں :سلمان اکرم
اسلام آباد (دنیا نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سلمان صفدر کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ 28ویں آئینی ترمیم اور دیگر معاملات پر کسی نے بات کرنی ہے تو براہ راست ان سے بات کرے، ابھی تک تو آئینی ترمیم کا متن بھی سامنے نہیں آیا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘ٹونائٹ ود ثمر عباس’’میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ جب تین گھنٹے کی ملاقات کسی اور سے ہو سکتی ہے تو فیصلہ ساز خود بانی پی ٹی آئی سے بات کیوں نہیں کرتے ؟، ملک میں صوبوں کے حوالے سے بات کی جا رہی ہے ، بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہوگی تو ہی کوئی بات آگے بڑھ سکتی ہے ،نئے صوبوں کے قیام سے متعلق عمران خان سے مشاورت ہونی چاہیے ۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف عوام کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے ،بانی پی ٹی آئی اپنے اصولوں کے برعکس کوئی بات نہیں کریں گے ،بانی پی ٹی آئی نے سلمان صفدر سے کہا تھا کہ جو بھی بات کرنی ہے ان سے کی جائے ، جس نے بات کرنی ہے وہ خود ان سے کرے ، صرف ایک رکن قومی اسمبلی کی ملاقات کافی نہیں، بانی سے پارٹی قیادت کی ملاقات ضروری ہے ۔سلمان اکرم راجہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ وہ جن لوگوں کی فہرست دیں گے ، ان کی ملاقات کرائی جائے لیکن فہرست میں شامل ناموں کے بجائے خود ہی دوسرے نام شامل کر دیئے جاتے ہیں، جب ملاقات کیلئے بار بار ایک ہی نام بھیجے جائیں گے تو شکوک پیدا ہوں گے ۔انہوں نے اپنے عہدے سے متعلق کہا کہ بعض لوگوں کی چھوٹی موٹی خواہشات ہیں، وہ کہیں نہیں جا رہے ، بانی پی ٹی آئی نے انہیں بلا کر خود عہدہ دیا تھا تاکہ وہ ان کے بیانیے اور نظریے کی حفاظت کریں، آخری دم تک بانی کے نظرئیے کی حفاظت کروں گا،غیر اہم لوگوں کی باتوں پر توجہ نہ دی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments