دہشت کی علامت انعام وینس ساتھی سمیت مبینہ مقابلے میں ہلاک : راکٹ لانچر ، ہینڈ گرنیڈ، ڈرون کیمرہ برآمد
اشتہاریوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے ناکہ بندی کر دی،روکنے کی کوشش کی تو پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ کر دی جوابی کارروائی کے دوران دونوں مارے گئے ،دہشت کا دائرہ آزاد کشمیر تک پھیلا ہوا تھا، گینگ کے 13 ارکان مارے جاچکے ،آر پی او
سرگودھا،لاہور(سٹاف رپورٹر،کرائم رپورٹر) پنجاب کے پانچ اضلاع اور آزاد کشمیر تک دہشت کی علامت بننے والا بدنام زمانہ اجرتی قاتل اور خطرناک گینگ کا سرغنہ انعام وینس عرف نامو وینس اپنے ساتھی فیصل بڈھے کا سمیت مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک، دونوں ملزمان قتل، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، ڈکیتی پولیس اہلکاروں پر قاتلانہ حملوں اور دہشت گردی سمیت 32 سنگین مقدمات میں مطلوب تھے ، ملزمان کے قبضے سے راکٹ لانچر، ہینڈ گرنیڈ، ڈرون کیمرہ، جدید اسلحہ اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں ، آر پی او سہیل اختر سکھیرا، ڈی پی او توقیر محمد نعیم اور آر او سی ٹی ڈی محمد اشرف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ رات سرگودھا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کوٹ مومن کے علاقے میں مجرمان اشتہاریوں کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ آپریشن کیا، اس دوران ویگو ڈالے میں سوار ملزمان کو چک 12 جنوبی کے قریب ناکہ بندی پوائنٹ پر روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران بدنام زمانہ اشتہاری انعام وینس عرف نامو وینس اور اس کا ساتھی فیصل بڈھے کا ہلاک ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق انعام وینس سرگودھا، منڈی بہاؤالدین اور چکوال پولیس سمیت سی سی ڈی کو بھی مطلوب تھا، جبکہ اس کا ساتھی فیصل انسپکٹر شاہد ہرل اور انسپکٹر عنصر عباس پر قاتلانہ حملوں، قتل، دہشت گردی اور بھتہ خوری جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ خطرناک گینگ 2023 سے سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، چکوال، گجرات اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں سرگرم تھا اور اس کی مجرمانہ سرگرمیوں کا دائرہ آزاد کشمیر تک پھیلا ہوا تھا،گزشتہ چند ماہ کے دوران اس گینگ کے تین مرکزی ملزمان سمیت مجموعی طور پر 13 ارکان ہلاک جبکہ متعدد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ ہلاک ملزمان کے قبضے سے راکٹ لانچر، ڈرون کیمرے ، ہینڈ گرنیڈ، جدید اسلحہ اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں، جبکہ فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں،پریس کانفرنس کے موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن عمران عباس چدھڑ، اے ایس پی کوٹ مومن عبدالغفار اور اے ایس پی بھلوال عبدالواحد بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments