نئے صوبوں کیلئے سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ناگزیر ، طارق فضل
عمران خان کے خیالات نئے صوبوں کے حق میں دکھائی دیتے ہیں :وفاقی وزیر پیپلز پارٹی سے باضابطہ بات نہیں ہوئی، سیاسی معاملات کا راستہ مذاکرات:گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کیلئے سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے نا گزیر ہے ، عمران خان کے خیالات نئے صوبوں کے حق میں دکھائی دیتے ہیں، پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتیں نئے صوبوں پر متفق ہوں گی تو ن لیگ بھی ساتھ بیٹھے گی، نئے صوبوں کے معاملے پر کنفیوژن نہیں، بس تاخیر ہے ، پیپلز پارٹی کے ساتھ تاحال کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر سیاسی جماعتوں میں سنجیدہ بحث نہیں ہورہی۔
وزیراعظم نے متعدد مواقع پر اپوزیشن رہنماؤں کو مذاکرات کی دعوت دی مگر اب تک جواب نہیں ملا،سیاسی معاملات کو آگے بڑھانے کا راستہ بات چیت ہے ،انتخابی اصلاحات کمیٹی میں 20 ارکانِ قومی اسمبلی اور 10 سینیٹرز شامل ہوں گے ، حکومتی اتحادی جماعتیں کمیٹی کیلئے نام دے چکی ہیں، اپوزیشن ارکان کے نام آنا باقی ہیں، اپوزیشن کی جانب سے 5 ارکانِ قومی اسمبلی اور 2 سینیٹرز شامل ہوں گے ، نئے صوبوں کے قیام پر عملی پیش رفت سیاسی جماعتیں باہمی مشاورت سے کر سکتی ہیں ، پی ٹی آئی ابھی حکومت کے ساتھ مذاکراتی میز پر بیٹھنے کیلئے تیار نہیں، پی ٹی آئی کے چیف وہپ سے آئندہ پیر کو ملاقات طے ہے اس کے بعد جماعت کے موقف کا اندازہ ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments