فضل الرحمٰن سے رابطہ ، بلاول کی جے یوآئی مخالف مبینہ حکومتی اقدامات کی مذمت

 فضل الرحمٰن سے رابطہ ، بلاول کی جے یوآئی مخالف مبینہ حکومتی اقدامات کی مذمت

دونوں رہنماؤں کا سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال،سربراہ جے یو آئی (ف)نے مبینہ حکومتی کارروائیوں بارے بھی آگاہ کیا حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہئے ،جمہوریت و پارلیمان کمزور کرنیوالے اقدامات سے گریز کرے :بلاول

اسلام آباد(آئی این پی ،مانیٹرنگ ڈیسک )جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے گزشتہ روز ٹیلیفونک رابطہ کیا، اس دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جبکہ جے یو آئی (ف)کے سربراہ نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو اپنے خلاف حکومت کی مبینہ کارروائیوں سے متعلق  بھی آگاہ کیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس‘‘پر جاری بیان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمن سے گفتگو میں جمعیت علمائے اسلام(ف )کے خلاف مبینہ حکومتی اقدامات، سیاسی انتقام اور پارٹی کو نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اختلافات کو انتقامی کارروائیوں میں تبدیل نہیں ہونا چا ہئے ۔بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اسے اپوزیشن کی تنقید کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنا چاہیے ، کسی بھی جمہوری اور پارلیمانی نظام کی مضبوطی کیلئے ایک ذمہ دار اپوزیشن کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے ، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ حکومت کو ایسے تمام اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے ملک میں جمہوریت اور پارلیمان کا ادارہ کمزور ہونے کا اندیشہ ہو، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں دونوں رہنماؤں کے اس رابطے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔  

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...