مکہ دفاعی اتحاد کا اسی ماہ اسلام آباد میں اجلاس:اتحاد کا دائرہ کار صرف تین ممالک تک محدود رکھنے کا ارادہ نہیں، انتظامی اور ادارہ جاتی ڈھانچے کی تکمیل کے بعد بنیادی اصولوں سے متفق ملکوں کی شمولیت پر غور کیا جائے گا :اسحاق ڈار

مکہ دفاعی اتحاد کا اسی ماہ اسلام آباد میں اجلاس:اتحاد کا دائرہ کار صرف تین ممالک تک محدود رکھنے کا ارادہ نہیں، انتظامی اور ادارہ جاتی ڈھانچے کی تکمیل کے بعد بنیادی اصولوں سے متفق ملکوں کی شمولیت پر غور کیا جائے گا :اسحاق ڈار

افغانستان دہشت گرد عناصر کیخلاف کارروائی کرے تو اس کے ساتھ تعاون، حمایت اور مدد کیلئے تیار ہیں :نائب وزیراعظم ، اقتصادی تعاون تنظیم کا 30واں اجلاس ختم ،مشترکہ اعلامیہ جاری رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، روابط کے فروغ اور معاشی انضمام کیلئے پرعزم ہیں:شہباز شریف، ای سی او وزراء کونسل اجلاس کے کامیاب انعقاد کو سراہا ، وفودبھی ملے

اسلام آباد (الماس حیدرنقوی، وقائع نگار،نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی 2026ء اور 2027ء کیلئے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کی صدارت کے ایجنڈے کا اعلان کرتے کہا کہ پاکستان کی صدارت کا بنیادی مقصد علاقائی تعاون ، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور وسطی و جنوبی ایشیا کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ہے ، ای سی او ویژن 2035  متعارف کرا دیا گیا ہے ، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی رواں ماہ کے اختتام پر اسلام آباد میں ہونے کی توقع ہے ،اس خطے کیلئے اس کا اپنا سکیورٹی آرکیٹکچر قائم ہونا چاہیے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ،یہ معاہدہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ ایسا نہیں کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر صرف تین ممالک کی اجارہ داری رہے گی بلکہ دیگر ممالک کی شمولیت کے ساتھ ساتھ چیزیں مزید بہتر ہوں گی،معاہدے کا مقصد رکن ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا ہے ،اس معاہدے کے تحت کسی ایک رکن ملک پر حملے کو تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا ، اس اتحاد کا دائرہ کار صرف تین ممالک تک محدود رکھنے کا ارادہ نہیں، انتظامی اور ادارہ جاتی ڈھانچے کی تکمیل کے بعد ان ممالک کی شمولیت پر غور کیا جائے گا جو اس کے بنیادی اصولوں سے اتفاق رکھتے ہوں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح ہے ، ای سی او کے اس فورم پر افغان نمائندگی موجود نہیں تھی، افغانستان کا پرانا پرچم استعمال کیا گیا ۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ 2026ء اور 2027ء کے لیے تنظیم کی صدارت کی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے ، ایران 3 اور 4 دسمبر 2026ء کو تنظیم کے 18 ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا ۔ ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی کوششوں سے متعلق سوال کے جواب میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی کوششیں ترک نہیں کیں، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے ذریعے معاملات کے حل کی امید رکھتا ہے ،پاکستان بہترین نتائج کیلئے پرامید ہے اور سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ای سی او تجارتی معاہدہ نافذ العمل ہو جاتا ہے تو ایران پر امریکی پابندیوں کے تناظر میں بین الاقوامی قوانین پر عمل کیا جائے گا۔افغانستان سے متعلق سوال کے جواب میں نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو افغانستان کے عوام یا عام شہریوں سے کوئی مسئلہ نہیں بلکہ اس کی تشویش دہشت گرد تنظیموں اور ان کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر کئے جانے والے حملوں سے متعلق ہے ،اگر افغانستان دہشت گرد عناصر کے خلاف عملی کارروائی کرتا ہے تو پاکستان اس کے ساتھ تعاون، حمایت اور مدد کیلئے تیار ہے ،پاکستان افغانستان کے ساتھ تجارت، علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کا خواہاں ہے تاہم اس کے لیے دہشت گردی کے مسئلے کا حل ضروری ہے ،افغانستان اگر ایک قدم آگے بڑھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھنے کیلئے تیار ہیں،ہم کب تک شہیدوں کے جنازے اٹھاتے رہیں گے ؟ ۔قبل ازیں اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کی وزارتی کونسل کے 30 ویں اجلاس سے نائب خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان وسیع تر منڈیوں تک رسائی، مضبوط علاقائی ویلیو چینز اور نجی شعبے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز)کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی حمایت کرے گا ۔

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ای سی او اجلاس کے انعقاد پرپاکستان اور وزارت خارجہ کے شکرگزارہیں،ای سی اوکو اجتماعی اقدامات، مضبوط تعاون اورمشترکہ حکمت عملی کا مؤثرپلیٹ فارم بنانا ہوگا ،امریکا نے جارحیت ، ٹارگٹ کلنگ ، ناکہ بندی کاراستہ اختیارکیا، ایران کے اقدامات کوپڑوسی ممالک کی حکومتوں یاعوام کے خلاف کارروائی نہ سمجھاجائے ۔عباس عراقچی نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی صورتحال انسانیت کیلئے شرمناک ہے ، غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کیلئے اسرائیلی ناکہ بندی ختم کرائی جائے ،اسرائیلی جیلوں میں تقریباً 10 ہزار فلسطینی قیدیوں کی حالت زارپربھی توجہ دینا ہوگی۔ عباس عراقچی نے رکن ممالک کے رہنماؤں کو 4 دسمبر 2026 کو تہران میں منعقد ہ ای سی او کے 18ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایران ان کی میزبانی کا منتظر ہے ۔ ادھر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی ، ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کولاکلیکایا نے الگ الگ ملاقات کی ،اس دوران برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور اعلی سطح پر مسلسل روابط کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔قبل ازیں پاکستان کی زیر صدارت منعقدہ اقتصادی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں 2روزہ اجلاس اسلام آبادمیں اختتام پذیر ہو گیاجس کے بعد ‘‘اسلام آباد اعلامیہ’’جاری کر دیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں رکن ممالک نے علاقائی اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹرانسپورٹ، ڈیجیٹل رابطوں اور پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا جبکہ تنظیم کے تحت اقتصادی تعاون کے سٹریٹجک اہداف 2035 کو علاقائی انضمام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے جامع لائحہ عمل قرار دیا گیا ،ای سی او ویژن 2035 کی منظوری، علاقائی تجارتی راہداریوں، مشترکہ تجارتی زونز اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ پر زوردیا گیا۔اعلامیے میں پاکستان کی جانب سے ای سی او رکن ممالک کیلئے مسلسل سفارتی تعاون اور حالیہ ایران امریکا کشیدگی کے دوران کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی کوششوں کو سراہا گیا۔

اجلاس میں پاکستان کی جانب سے 2026-27 کیلئے ای سی او کی صدارت سنبھالنے کا خیرمقدم کیا گیا۔ اعلامیے میں 2035 تک اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف کو ای سی او ویژن 2025 کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے والا جامع فریم ورک قرار دیتے ہوئے آئندہ 18ویں ای سی او سربراہی اجلاس تہران میں منعقد کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ۔ای سی او رکن ممالک نے باہمی تجارت میں اضافے ، آزاد اقتصادی زونز کے قیام، مشترکہ صنعتی منصوبوں، علاقائی ویلیو چینز اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی معاونت پر اتفاق کیا۔ اعلامیے میں ای سی او تجارتی معاہدے (ECOTA)میں اصلاحات اور اس پر مؤثر عمل درآمد تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اعلامیے میں ای سی او ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ فریم ورک معاہدے پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ 2026-2030 کے لیے معدنیات کے شعبے میں علاقائی تعاون کے پانچ سالہ روڈ میپ کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔اعلامیے میں لاہور کو 2027 کیلئے ای سی او سیاحتی دارالحکومت نامزد کیا گیا جس کے بعد ترکمانستان کا شہر ماری 2028، کرکول 2029 اور قازقستان کا شہر اکتاؤ 2030 میں ای سی او سیاحتی دارالحکومت ہوں گے ۔اجلاس کے اختتام پر رکن ممالک نے پاکستان اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو بہترین انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد ایم خان اور تہران میں قائم تنظیم کے سیکرٹریٹ کی ٹیم کی تیاریوں اور معاونت کو بھی سراہا گیا ۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ رکن ممالک علاقائی تعاون، اقتصادی انضمام، تجارت، سرمایہ کاری، رابطوں اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے ۔

 

اسلام آباد(نامہ نگار،وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ ، وفود کے سربراہان اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد نے ملاقات کی ہے ۔ پیر کو وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی تعاون تنظیم کے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ای سی او وزراء کونسل  کے 30ویں اجلاس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، روابط کے فروغ اور معاشی انضمام کیلئے پرعزم ہے ۔وزیراعظم نے ای سی او وزراء کونسل اجلاس کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور اسلام آباد اعلامیے اور 2026ء سے 2035ء تک معاشی تعاون کیلئے طے کردہ سٹریٹجک اہداف کی منظوری کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے 2026ء سے 2027ء تک ای سی او کی صدارت پاکستان کو ملنے کا ذکر کرتے اس سال کیلئے طے موضوع ’’مضبوط اور مستحکم ای سی او کیلئے علاقائی تعاون کی بحالی‘‘ کو اجاگر کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ای سی او کے موجودہ معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد اور ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے تاکہ علاقائی معاشی تعاون کو تیز کیا جا سکے ،پاکستان سڑکوں، ریلوے اور مختلف ذرائع نقل و حمل پر مشتمل راہداریوں کے ذریعے علاقائی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے ، ان راہداریوں میں کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں سے رابطے بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں ۔انہوں نے ای سی او کے رکن ممالک کو دعوت دی کہ وہ 2027ء کیلئے لاہور کو ای سی او کا سیاحتی مرکز قرار دئیے جانے کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں ۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان اس بات پر مکمل اتفاق ہوا کہ او آئی سی امت کو درپیش اہم ترین مسائل اور چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی قیادت کرنے کا بھرپور اور منفرد مقام رکھتی ہے ، دونوں رہنماؤں نے دوٹوک الفاظ میں فلسطین اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...