یکطرفہ ڈی این اے ٹیسٹ سے بچے کی ولدیت ختم نہیں ہوسکتی:لاہور ہائیکورٹ
ماں کی رضامندی ، عدالتی اجازت کے بغیر نجی ڈی این اے ٹیسٹ قانونی طور پر قابل قبول نہیں:جسٹس اسد باجوہ دوران شادی پیدا بچے کو ولدیت کا قانونی تحفظ حاصل ہے ، ماتحت عدالتوں کے فیصلوں کیخلاف دائر درخواست خارج
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے بچے کی ولدیت سے انکار، نان نفقہ اور جہیز کے مقدمے میں ماتحت عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔ جسٹس اسد علی باجوہ نے قرار دیا ہے کہ ماں کی رضامندی اور عدالتی اجازت کے بغیر کرایا گیا یکطرفہ نجی ڈی این اے ٹیسٹ بچے کی قانونی ولدیت ختم نہیں کرسکتا۔عدالت نے قرار دیا کہ شادی کے دوران پیدا ہونے والے بچے کو قانون کے تحت ولدیت کا تحفظ حاصل ہے جبکہ بچے کے بنیادی حقوق، عزت و وقار اور رازداری کو مقدم رکھنا ضروری ہے ۔ درخواست گزار نے برطانیہ کی ایک نجی لیبارٹری سے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا تھا، جس میں مبینہ طور پر ولدیت مسترد ہوئی، تاہم عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی نگرانی اور اجازت کے بغیر کرائے گئے اس ٹیسٹ کی قانونی حیثیت نہیں۔
عدالت کے مطابق فریقین کی شادی 18 اگست 2019 کو ہوئی جبکہ بچے کی پیدائش 27 اپریل 2022 کو ہوئی، اس طرح بچہ شادی کے دوران پیدا ہوا۔ شواہد کے مطابق درخواست گزار خود اپنی اہلیہ کو بچے کی پیدائش کے وقت ہسپتال لے کر گیا تھا جبکہ گواہان نے بھی اس وقت میاں بیوی کے درمیان ازدواجی تعلق قائم ہونے کی تصدیق کی۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ ماں کی رضامندی کے بغیر بچے کا ڈی این اے نمونہ حاصل کرنا آئین کے آرٹیکل 9 اور 14 میں دئیے گئے شخصی آزادی اور انسانی وقار کے تحفظ کے اصولوں کے منافی ہے ۔ ڈی این اے ٹیسٹ محض فریقین کی خواہش یا ٹیکنالوجی کی دستیابی پر نہیں بلکہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کرایا جاسکتا ہے ۔عدالت نے نان نفقہ میں اضافے کے خلاف درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ نابالغ بچے کی ضروریات اور والد کی مالی استطاعت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments