ملا زمہ ہلاکت،ڈائریکٹرایف آئی اے کی بیوی کا4روزہ ریمانڈ
سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ تشدد کی تصدیق، ڈائریکٹر محمدبن اشرف کوعہدے سے ہٹادیاگیا فاطمہ اصغر کی ہلاکت کی وجوہات کاتعین تفتیش اورمیڈیکل رپورٹ پرکیاجائیگا:پولیس
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر،اپنے نامہ نگارسے ) 13 سالہ فاطمہ اصغر تشدد ہلاکت کیس میں عدالت نے ایف آئی اے ڈائریکٹر کی اہلیہ اور قاری علی رضا کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔اسلام آباد میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کی سرکاری رہائش گاہ پر 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔پولیس نے گرفتار ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ نعیمہ افتخار کی عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی ٹیم نے ملزمان کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے دونوں ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے ، جس میں مبینہ تشدد کے مناظر سامنے آئے ہیں،تفتیشی حکام نے تشدد میں استعمال ہونے والی لکڑیاں بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔دوسری جانب ایف آئی اے ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون محمد بن اشرف کو عہدے سے ہٹا کر ایف آئی اے ہیڈکوارٹر زرپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ،پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ معصوم بچی کی ہلاکت کی اصل وجوہات اور ذمہ داران کا تعین تفتیش اور میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments