بلاول کو چاہیے کہ شادی ضرور اور جلد کریں:فریال تالپور
بعض سیاسی جماعتوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ شاید وہ ’’پے رول‘‘ پر ہیں ریفرنڈم سے متعلق معاملہ پہلے کابینہ اور پھر اسمبلی میں جائے گا
لاہور(محمد حسن رضا سے )پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما فریال تالپور نے کہا ہے کہ اب تو بعض سیاسی جماعتوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ شاید وہ ’’پے رول‘‘ پر ہیں۔ ری ایڈجسمنٹ کو لیکر اس وقت ایسی کوئی چیز نہیں ہو رہی۔ ریفرنڈم سے متعلق معاملہ پہلے کابینہ اور پھر اسمبلی میں جائے گا، تاہم ریفرنڈم پر عوام کا فیصلہ اہم ہوگا۔ اٹھائیسویں ترمیم سے متعلق ابھی کوئی مسودہ موصول نہیں ہوا، اس لئے ابھی کچھ نہیں معلوم کہ بچہ ہے یا بچی، انہوں نے کہا کہ عورتوں کو جیل میں نہیں ڈالنا چاہیے اور مردوں کا حساب مردوں سے ہی کیا جائے ، عورتوں کو اس میں نہ گھسیٹا جائے ۔لاہور کی صفائی تو زبردست مگر خطرناک سموگ موجود، جبکہ اگر لاہور کی بات کی جائے تو یہاں صفائی اور سڑکیں موجود تو سوال تو یہ ہے کہ کیا قصور، ساہیوال اور جنوبی پنجاب میں بھی ایسی صفائی اور سڑکیں موجود ہیں؟ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بہت غربت ہے ۔مگر وہاں کے حالات پر سوالات اٹھتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق سوال پر کہا کہ کوئی اچھی لڑکی نظر آئی تو بات ہوگی، اپنی پسند سے کریں یا ہماری پسند سے ، مگر بلاول کو چاہیے کہ شادی ضرور اور جلدی کریں۔ میں دعا کرتی ہوں کہ کوئی اچھی لڑکی مل جائے ۔تفصیلات کے مطابق فریال تالپور نے لاہور میں سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری انشاء اللہ وزیراعظم بنیں گے اور اس سفر میں ان کے والد اور ان کی مکمل حمایت ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گی۔پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں پنجاب میں بھرپور مقابلہ کرے گی اور اس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو ہدف بنا کر کمزور کیا گیا، تاہم وہ بقا کی جنگ لڑتی رہی۔ مولانا فضل الرحمن کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا ان کی اپنی سیاست ہے ، وہ مذہبی سیاست کرتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی لبرل سیاست کرتی ہے ۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی نشوونما فطری طریقے سے نہیں ہوئی اور سب جانتے ہیں کہ انہوں نے سیاسی جگہ کس طرح حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اب تو سیاسی جماعتوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ شاید وہ "پے رول" پر ہیں۔اپنی قید کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب وہ جیل میں تھیں تو کسی نے یہ نہیں کہا کہ ایک خاتون کو جیل میں کیوں ڈالا ، عورتوں کو جیل میں نہیں ڈالنا چاہیے اور مردوں کا حساب مردوں سے ہی کیا جائے ، عورتوں کو اس میں نہ گھسیٹا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments