نئے صوبوں پر اختلاف حکمران اتحاد کیلئے بڑا امتحان
اختلافات کا لازمی نتیجہ اتحاد کا ٹوٹنا نہیں، زرداری اہم کردار ادا کرسکتے
(تجزیہ:سلمان غنی)
پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے پیدا شدہ صورتحال حکمران اتحاد پر اثر انداز ہوتی نظر آ رہی ہے ۔ حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے ابھی تک اس عمل کے حوالے سے کسی حتمی پالیسی کا اعلان نہیں کیا، لیکن دوسری جانب حکمران اتحاد میں شامل دو بڑی اتحادی جماعتوں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں براہ راست گولہ باری شروع ہے ۔ پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ سندھ کی تقسیم ہوئی تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا، جبکہ ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ اگر ملک میں نئے صوبے بن رہے ہیں تو خونریزی کراچی میں کیوں ہوگی؟زمینی حقائق یہی ہیں کہ عوام مسائل کی آگ میں جل رہے ہیں، عدل و انصاف کی فراہمی ناپید ہے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری نے عوام پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے ۔ مایوسی کی اس کیفیت میں عوام کسی نجات دہندہ کی تلاش میں ہیں۔ ایسے میں مسائل زدہ عوام سے پوچھا جائے کہ کیا وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے نئے صوبوں کا قیام چاہتے ہیں تو یقیناً بڑی تعداد اس کی حمایت کرے گی۔ اس لیے ریفرنڈم کا آپشن حکمران اتحاد پر دباؤ کا باعث بنے گا، یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے اس کی مخالفت شروع کر رکھی ہے ۔بظاہر پیپلز پارٹی بڑی فارم میں نظر آ رہی ہے ، لیکن سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مقبولیت کا زعم رکھنے والی پیپلز پارٹی یہ نہ بھولے کہ یہاں اس کی سیاسی طاقت کی موجودگی میں غوث علی شاہ، مظفر شاہ، لیاقت جتوئی، ارباب غلام رحیم، عبداللہ شاہ اور جام صادق علی بھی وزرائے اعلیٰ رہ چکے ہیں اور ان کی حکومتیں اتنی کمزور نہ تھیں۔
پیپلز پارٹی آج کی صورتحال میں نئے صوبوں کی تشکیل میں بڑی رکاوٹ نہیں بن سکے گی اور طے شدہ حکمت عملی کو روکنا شاید اس کے بس میں نہ رہے ۔تاہم یہ صورتحال حکمران اتحاد کے لیے بڑا امتحان بن سکتی ہے ۔ اگر سیاسی اتفاق رائے نہ ہوا تو اس کے اثرات حکمران اتحاد کے اندر بھی محسوس ہو سکتے ہیں۔ اگر کوئی اتحادی جماعت محسوس کرتی ہے کہ اس کے سیاسی مفادات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے تو اتحاد میں بداعتمادی پیدا ہو سکتی ہے ۔ اختلافات کا لازمی نتیجہ اتحاد کا ٹوٹنا نہیں، البتہ سیاسی جماعتوں پر دباؤ موجود ہے کہ نئے صوبے بنانے سے پہلے اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، ورنہ عوامی سہولت کے لیے شروع ہونے والا معاملہ حکمران اتحاد کے لیے مسائل کا باعث بن سکتا ہے ۔تاہم یہ کہنا بھی درست نہیں کہ پیپلز پارٹی کسی بھی صورت میں نئے صوبوں کے قیام پر اتفاق نہیں کرے گی، کیونکہ اس کا بڑا مسئلہ صرف سندھ کی تقسیم ہے ۔ اب سندھ کی تقسیم پر اس کے دوٹوک موقف کے بعد یہ تحریک پنجاب میں بھی نظر آ رہی ہے کہ اگر سندھ راضی نہیں تو پھر پنجاب ہی کیوں؟ دیکھنا ہوگا کہ بلاول بھٹو زرداری کے دوٹوک موقف کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری کہاں کھڑے ہوتے ہیں، کیونکہ وہ حکومتی سیٹ اپ میں صرف پیپلز پارٹی کے مفادات کے محافظ ہی نہیں بلکہ اس انتظامی نظام کے ضامن بھی ہیں۔باخبر حلقوں کا خیال ہے کہ بحران کے خاتمے میں صدر زرداری کا کردار اہم ہوگا اور وہ نہیں چاہیں گے کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی بنا پر سندھ حکومت یا ان کا آئینی عہدہ خطرات سے دوچار ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments