خون بہنے کی باتیں کرنیوالے بلاول پہلے پیپلز پارٹی کے ماضی کا جائزہ لیں:حافظ نعیم

خون  بہنے  کی  باتیں  کرنیوالے  بلاول  پہلے  پیپلز پارٹی  کے  ماضی  کا  جائزہ  لیں:حافظ  نعیم

اگر حکومت ناجائز ہے تو زرداری کو استعفیٰ دینا چاہیے ، کرشنگ شروع نہ کرنے پر کل ملز کے باہر دھرنے دینگے :پریس کانفرنس طلبہ یونین پر پابندی سے سیاست کی نرسری ختم:احسن اقبال، شاہد خاقان، اسد قیصر، وسیم حیدر کا تعلیمی ڈائیلاگ سے خطاب

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نئے انتظامی صوبوں کی مخالفت اور خون بہنے کی باتیں کرنے والے بلاول بھٹو زرداری پہلے پیپلزپارٹی کا ماضی دیکھیں، 1972ء میں لسانی بل لا کر سندھ میں فسادات کی بنیاد اسی جماعت نے رکھی تھی۔ بلاول کراچی سے قومی اسمبلی کی سات نشستوں کے فارم 45 سامنے لائیں تو انتخابی مینڈیٹ کی حقیقت واضح ہو جائے گی۔پریس کانفرنس میں حافظ نعیم نے گنے کی کرشنگ شروع نہ کرنے پر 20 نومبر کو شوگر ملوں کے باہر دھرنوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت ناجائز ہے تو آصف زرداری کو صدارت سے استعفیٰ دینا چاہیے ۔ بلاول بتائیں کہ آج انہیں پی ٹی آئی سے ہمدردی ہے تو ماضی میں اس کی حکومت گرانے میں کردار کیوں ادا کیا؟ خیبرپختونخوا میں گورنر راج پر بھی پیپلزپارٹی کا مؤقف متضاد ہے ۔دریں اثنا قومی تعلیمی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ تعلیم حکومتوں کی ترجیح نہیں رہی، ایک ملک میں پانچ تعلیمی نظام ہوں تو قوم کیسے متحد ہو سکتی ہے ؟ 2024ء میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے سے طلبہ یونین پر پابندی کا معاملہ حل ہو چکا تھا، پابندی نے سیاست کی نرسری ختم کر دی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ بطور صدر سٹوڈنٹس یونین کونسل انہوں نے گورنر کے یونیورسٹی بند کرنے کے فیصلے کی مخالفت کی اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھوائیں۔ سابق سپیکر اسد قیصر نے طلبہ یونین کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ سیاست سے آنے والے قائدین دوسرے سیاستدانوں سے ممتاز ہوتے ہیں۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ ان کا سیاسی سفر امریکی یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران طلبہ یونین کا انتخاب جیتنے سے شروع ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...