ڈرامیٹک ، تھیٹریکل بل : نئے فنکار کی رجسٹریشن مدت 5 سال مقرر
لائسنس 25 ہزار، سکرپٹ منظوری فیس 35 ہزار، رجسٹریشن 10 ہزار میں ہوگی منتظمین ہر پرفارمنس کی ریکارڈنگ کرینگے ،خلاف ورزی پر جرمانہ، لائسنس منسوخ
لاہور (حمزہ خورشید سے )پنجاب اسمبلی سے منظور کروائے گئے ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل 2026 کے تحت نئے فنکاروں کی رجسٹریشن کی مدت ایک سال سے بڑھا کر 5سال کر دی گئی ہے ،بل کے متن کے مطابق پنجاب میں کسی بھی عوامی مقام پر سٹیج ڈرامہ یا تھیٹر پیش کرنے کیلئے متعلقہ سیکرٹری سے لائسنس حاصل کرنا لازمی ہوگا، جس کے اجرا کی فیس 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے ۔ ڈرامہ پیش کرنے سے پہلے اس کے سکرپٹ کی منظوری بھی لینا ہوگی، جس کی فیس 35 ہزار روپے ہوگی۔ سکرپٹ کی جانچ کیلئے سکرپٹ ریویو کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جنہیں محکمہ اطلاعات و ثقافت کا سیکرٹری نوٹیفائی کرے گا۔ ڈرامے کے سکرپٹ یا پرفارمنس کی جامع تفصیلات پروگرام سے کم از کم 15 روز پہلے جمع کرانا ہوں گی، جبکہ منظور شدہ سکرپٹ سے ہٹ کر ڈرامہ پیش کرنا جرم ہوگا۔
مجوزہ قانون کے تحت ڈراموں میں کام کرنے والے تمام فنکاروں کی رجسٹریشن لازم ہوگی اور صرف رجسٹرڈ فنکار ہی تھیٹر پرفارمنس میں حصہ لے سکیں گے ۔ فنکار کی رجسٹریشن فیس 10 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے ، رجسٹریشن پانچ سال کیلئے ہوگی اور اس میں توسیع بھی دی جا سکے گی۔ فنکاروں کی تعریف میں اداکاروں کے علاوہ میک اپ آرٹسٹ، کاسٹیوم ڈیزائنر، کوریوگرافر، پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ پیشہ ور افراد بھی شامل ہوں گے ۔بل میں فحش، غیر اخلاقی، توہین آمیز یا قابل اعتراض ڈراموں اور مذہبی جذبات مجروح کرنے والی تھیٹر پرفارمنسز پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ ریہرسل اصل پرفارمنس سے کم از کم ایک روز پہلے سنسرنگ کمیٹی کے سامنے پیش کرنا ہوگی۔ مانیٹرنگ ٹیمیں خلاف ورزیوں کی رپورٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو دیں گی، جبکہ تھیٹر منتظمین ہر پرفارمنس کی مکمل آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ رکھنے کے پابند ہوں گے۔
قانون کے مطابق تحقیقات اور سماعت کے بعد پہلی خلاف ورزی پر تین لاکھ روپے تک انتظامی جرمانہ عائد کیا جا سکے گا، جبکہ لائسنس ہولڈر یا فنکار کی دوبارہ خلاف ورزی پر5لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ ایک سال کے اندر تین خلاف ورزیاں کرنے پر لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکے گا۔ غیر رجسٹرڈ فنکار کو پرفارمنس کی اجازت دینے پر بھی لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکے گا، جبکہ غیر رجسٹرڈ فنکار کو ڈرامے میں شامل کرنے پر متعلقہ تھیٹر یا مقام سیل ہوگا۔ خلاف ورزی پر چھ ماہ تک قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا بھی مقرر کی گئی ہے ۔حکومت پنجاب نے نئے قانون کے ذریعے 150 سال پرانے ڈرامیٹک پرفارمنسز ایکٹ 1876 کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مجوزہ قانون پرانے ایکٹ کی جگہ لے گا اور تھیٹر کیلئے باقاعدہ لائسنسنگ نظام، فنکاروں کی رجسٹریشن، ڈراموں اور پرفارمنسز کی نگرانی اور خلاف ورزیوں پر مو ثر کارروائی کا قانونی طریقہ کار فراہم کرے گا۔ بل پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد گورنر پنجاب کو حتمی منظوری کیلئے بھیجا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments