ذہنی معذور کا پیشگی سرپرست مقرر کرنا لازم نہیں:ہائیکورٹ
سول کورٹ بھی ذہنی معذوری کا جائزہ لے کر سرپرست مقرر کر سکتی ہے :عدالت ذہنی معذور کا بھائی کے ذریعے مقدمہ قابل سماعت قرار،بہن کی درخواست مسترد
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے ذہنی معذوری کے شکار شخص کا بھائی کے ذریعے دائر جائیداد کا مقدمہ قابل سماعت قرار دینے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے بہن مسرت محمد دین کی آئینی درخواست مسترد کر دی ۔جسٹس مزمل اختر شبیر نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلے میں قرار دیا کہ ذہنی معذوری کے شکار شخص کا مقدمہ دائر کرنے کیلئے پہلے کورٹ آف پروٹیکشن سے سرپرست مقرر کروانا لازمی نہیں، سول کورٹ خود بھی ذہنی معذوری کا جائزہ لے کر مقدمے کی حد تک سرپرست مقرر کر سکتی ہے ،ذہنی معذوری کا حتمی تعین شہادتیں ریکارڈ کرنے کے بعد بھی کیا جا سکتا ہے اور فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جا سکتا ہے۔
درخواست گزار مسرت محمد دین نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے ذہنی معذور بھائی صفدر علی نے وراثتی جائیداد انہیں بطور تحفہ منتقل کی تھی جبکہ بھائی کی جانب سے سرپرست کے ذریعے مقدمہ دائر کرنے کیلئے قانونی طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا۔فیصلے کے مطابق سول کورٹ نے صفدر علی کو ذاتی طور پر طلب کرکے سوالات کیے تاہم وہ اپنے نام اور رشتوں کی شناخت کے علاوہ سوالات کے جواب نہیں دے سکے ۔ سول کورٹ نے بھائی محمد یعقوب کے ذریعے دائر مقدمہ قابل سماعت قرار دیتے ہوئے متنازع جائیداد مزید منتقل کرنے سے روک دیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ ذہنی معذوری کے شکار شخص کے قانونی مفادات کا تحفظ عدالت کی ذمہ داری ہے ، جائیداد مزید منتقل ہونے سے نئے مقدمات اور قانونی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں، عدالت نے سول کورٹ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج چنیوٹ کے فیصلے درست قرار دیتے ہوئے مسرت محمد دین کی درخواست خارج کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments