پاکستان بامقصد بات چیت کا حامی ،بھارت دنیا میں تنہائی کا شکار
مصدق ملک کی کثیرالجہتی ذمہ داریوں کے تحت شنگھائی کانفرنس میں شرکت
(تجزیہ:سلمان غنی)
بھارت ہندو قوم پرستی سے نکل نہیں پا رہا اور خودہندتوا کی پالیسی پر کاربند بھارت کی مودی سرکار بھی پاکستان کے حوالے سے اپنی روایتی بدنیتی اور قوم پرستی پر کاربند نظر آتی ہے جس کا اظہار شنگھائی تعاون تنظیم کے ثقافتی اجلاس میں پاکستان کے وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کی شرکت پر کیا گیا ا ور بھارتی سرکار نے اعلان کیا کہ پاکستانی وزیر کی شرکت صرف کانفرنس تک محدود ہوگی اور اسے کسی طرح دوطرفہ تعلقات کی بحالی قرار نہیں دیا جا سکتا، اس طرح بھارتی اپوزیشن نے بھی پاکستانی وزیر کی دہلی آمد کو نریندرمودی کی دوہری پالیسی کا شاخسانہ قرار دیتے کہا کہ یہ سراسر خارجہ پالیسی پر سمجھوتہ ہے ، بھارتی میڈیا نے بھی مصدق ملک کے ان بیانات کا ذکر کیا جو انہوں نے سندھ طاس معاہدہ کی معطلی کے خلاف دیئے تھے اور کہا تھا کہ جو ہمارے پانی پر اثر انداز ہوگا اس کے ہاتھ کاٹ دیں گے ،لہٰذا مذکورہ صورتحال میں اس امر کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ خطہ کے ایک بڑے ملک کے طور پر بھارت کا طرز عمل اس قدر انتہا پسندانہ کیوں ہے اور یہ کہ پاکستان نے کانفرنس میں شرکت کیونکر کی ،جہاں تک پاکستانی وزیر کی شنگھائی کانفرنس میں شرکت کا سوال ہے تو پاکستان نے یہ اقدام کثیر الجہتی ذمہ داریوں کی بنیاد پر اٹھایا اس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کی بحالی نہیں تھا اور پاکستان نے چونکہ شنگھائی کانفرنس سربراہان ممالک کی کونسل کی صدارت سنبھالنا ہے اور 2027 میں اسلام آباد میں سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنا ہے لہٰذا بھارت کی جانب سے بلائے اس سرکاری فورم میں شرکت کرنا تنظیم کے رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ضروری سمجھا گیا اوراس ضمن میں وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کو بھجوانا ضروری سمجھا اور اس حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ ڈاکٹر مصدق ملک کا انتخاب ان کی بھارت کے حوالے سے ایک خاص سوچ اور پاکستانی مفادات کے حوالے سے ان کی سنجیدگی کی بنا پر کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر مصدق ملک نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں دہشت گردی کے حوالے سے سوالات کے جواب میں واضح کیا کہ پاکستان تو خود دہشت گردی کا شکار ہے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی ضروری ہے ،اس سے قبل ڈاکٹر مصدق ملک نے کانفرنس میں اپنے خطاب میں بھی واضح کیا کہ پاکستان بامقصد بات چیت کا حامی ہے اور ویسے بھی پاکستان نے ہمیشہ مثبت انداز میں ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کیا لیکن بھارت نے تنگ نظری کا مظاہرہ کیا ،یہی وجہ ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان پر الزامات کے حامل بھارت پر اب مغربی میڈیا سوالات اٹھاتا نظر آ رہا ہے ، ایک بات تو واضح ہے کہ بی جے پی حکومت اور اس کے ہندتوا کے ایجنڈا کے باعث آج کا بھارت اپنے تعصب انتہا پسندی اور تنگ نظری کی آگ میں جل رہا ہے ،اقلیتوں کا جینا اجیرن کیا جا چکا ، ہمسایہ ممالک اس کی تنگ نظری کے باعث اب دہلی کے بجائے اسلام آباد کی طرف دیکھتے ہیں اور یہی امر بھارت کے سر پر سوار ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ میز پر بیٹھنے اور باہمی تنازعات کے حل سے گریزاں ہے بلکہ عالمی پلیٹ فارمز پر بھی ا س کی روایتی تعصب اور تنگ نظری نے اسے تنہائی کا شکار کر رکھا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments