سندھ اسمبلی: جماعت اسلامی کی طلبہ یونین انتخابات کرانے کی قرارداد متفقہ منظور

سندھ اسمبلی: جماعت اسلامی کی طلبہ یونین انتخابات کرانے کی قرارداد متفقہ منظور

رکن محمد فاروق نے اجلاس میں پیش کی،یونیورسٹیز کوجلد قوانین بنا کر انتخابات کروانے چاہئیں،صوبائی وزیراسماعیل راہو اپوزیشن کی3قراردادیں مسترد ،سندھ کے حالات کافی خراب،دعاکیلئے ارکان کوعمرے پر،کربلا اورسہون بھیجیں،ایم کیوایم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ ایوان میں پرائیویٹ ممبرز ڈے کے موقع پر جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق کی طلبہ یونین انتخابات کرانے سے متعلق قرارداد متفقہ طورپرمنظور کرلی گئی جبکہ اپوزیشن ارکان کی بعض قراردادیں مسترد کردی گئیں۔ محکمہ زکوٰۃ سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیرریاض شاہ شیرازی نے ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کے جواب دیئے ۔محمد فاروق نے کہا کہ سندھ حکومت جلد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے ۔وزیر جامعات و بورڈز اسماعیل راہو نے کہا کہ طلبہ یونین ایکٹ کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کو اعزاز حاصل ہے کہ اس نے اسے پاس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکٹ چیئرمین پی پی پی کے وژن کے تحت پاس کیا گیا تھا، طلبہ کو سیاست میں آنا چاہیے ، اس ایکٹ کے تحت تمام یونیورسٹیوں کو قوانین بنانے کی متعدد بار ہدایت کی گئی ہے ، یونیورسٹی امور میں زیادہ مداخلت نہیں کر سکتے ، یونیورسٹیوں میں طلبہ کی مختلف سوسائٹیاں اور کونسل بھی بنی ہوئی ہیں، طلبہ یونین کا سوسائٹی اور کونسل نعم البدل نہیں ہے ، یونیورسٹیز کو جلد از جلد قوانین بنا کر انتخابات کروانے چاہئیں۔اسپیکر نے کہا کہ یہ ایوان اور پاکستان پیپلز پارٹی طلبہ یونین کے حق میں ہیں۔

ایم کیو ایم کے صابر قائم خانی نے کہا کہ آج تین تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ سندھ اسمبلی آئے ہیں، بے نظیر یونیورسٹی لیاری ہم سب کا دل ہے ، میں یہاں آنے والے تمام بچوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، سندھ اسمبلی نے اس حوالے سے بڑی زبردست قانون سازی کی ہے ، ایم کیو ایم پاکستان نے طلبہ تنظیم سے جنم لیا۔ ایم کیو ایم کی قراۃ العین نے اراکین سندھ اسمبلی کے مسائل حل کے لیے کمیٹی کی تشکیل سے متعلق قراردادپیش کی جسے منظور کرلیا گیا ۔ قراۃ العین نے ٹیکنیکل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ کی انرولمنٹ اور داخلہ فیس معاف کرنے کی بھی قرارداد پیش کی جسے ایوان نے رد کریا۔پی ٹی آئی کے سجاد سومرو نے طلاق یافتہ خواتین کے معاشی اور سماجی تحفظ کے لیے قرارداد پیش کی۔ پارلیمانی سیکریٹری ہیر سوہو نے کہا کہ قرارداد میں بہت سارے مسائل اٹھائے گئے ہیں، قرارداد ایک خاص موضوع پر ہوتی ہے ، اس مسئلے پر بل لایا جاتا ہے ، حکومت قرارداد کی مخالفت کرتی ہے ۔اسپیکر نے کہا کہ آپ قرارداد کو پیش نہ کریں، دوبارہ بہتر کر کے پیش کریں، سندھ اسمبلی نے طلاق یافتہ خواتین کو معاوضہ دینے کی قرارداد مسترد کر دی۔ ایم کیو ایم کے عامر صدیقی نے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں ڈے کیئر سینٹر قائم کرنے کی قرارداد پیش کی ۔اسماعیل راہو نے کہا کہ ہم پہلے ہی شاہ لطیف یونیورسٹی کی انتظامیہ کو لکھ چکے ہیں، انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ ڈے کیئر سینٹر قائم کیا جائے گا۔حکومت کی مخالفت پر سندھ اسمبلی نے قرارداد مسترد کر دی۔

صوبائی وزیرریاض شاہ شیرازی نے ایوان کو بتایا کہ صوبے میں زکوٰۃ فنڈ کی ادائیگی کا تمام نظام ڈیجیٹل ہے جس میں غلطی کی گنجائش نہیں ، درگاہ لعل شہباز مزار پر سہولتوں کی فراہمی کے لیے 45 کروڑ روپے کی اسکیم منظور کرائی ہے ،محکمہ اوقاف کے پاس صوبے کے 79 مزارات ہیں، ہم تمام مزارات کو بہتر کر رہے ہیں، عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر نجی سکیورٹی کمپنی کے گارڈز مقرر ہیں۔فوزیہ حمید نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد درگاہوں میں نہیں بلکہ درگاہوں کے اطراف پائے جاتے ہیں، عبداللہ شاہ غازی کے مزار کی پارکنگ میں یہ افراد اکثر و بیشترنظر آتے ہیں۔ایم کیو ایم کے انجینئر محمد عثمان نے کہا کہ صرف زکوٰۃنہیں بلکہ عوام کا پیسہ کھانے والا بھی جہنم میں جائے گا، صوبہ سندھ کے حالات کافی خراب ہیں، آپ 4 تا 5 اراکین کو عمرے پر، کربلا اورسہون شریف دعا کرنے بھیجیں تاکہ حالات بہتر ہوں۔ایک سوال پر صوبائی وزیر نے بتایا کہ درگاہ حضرت عبداللہ شاہ غازی پر سالانہ تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ روپے نذرانے کی مدمیں جمع ہوتے ہیں، مزار پر بیس نئے واش روم تعمیر کیے جارہے ہیں،سندھ میں زکوٰۃفنڈ کی مجموعی رقم تقریباً تین ارب روپے ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...