خلاباز وں کیلئے 200اقسام کی غذائیں،بندھ کر سوئیں گے

خلاباز وں کیلئے 200اقسام کی غذائیں،بندھ کر سوئیں گے

کھانا پراسیسڈ، پانی نکال لیا جاتا ہے ،کھانے کیلئے دوبارہ ہائیڈریٹ کرنا پڑتا خلائی سٹیشن کاہر 90منٹ بعد زمین کا ایک چکر ، روزانہ کئی طلوع و غروب

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)کسی بھی بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں پلیٹیں یا پیالے نہیں ہوتے کیونکہ وہاں سب کچھ خلا میں معلق رہتا ہے ۔ وہاں جو کھانا کھایا جاتا ہے وہ  عموماً پراسیسڈ ہوتا ہے اور اس کا وزن کم کرنے کے لیے اس میں سے پانی نکال لیا جاتا ہے ۔خلاباز سپیس سٹیشن میں گرم اور ٹھنڈے پانی کے ڈسپنسرز کی مدد سے کھانے کو دوبارہ ہائیڈریٹ کر لیتے ہیں۔کھانا عام طور پر پیکٹس میں ہوتا ہے تو اسے ہی پلیٹ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور ساتھ ایک خاص چمچ کے ذریعے اس میں سے کھانا کھایا جاتا ہے ۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق تیانگونگ خلائی سٹیشن میں خلا بازوں کیلئے تقریباً 200 اقسام کی غذائیں دستیاب ہیں، جن میں کنگ پاؤ چکن، ماپو توفو، فرائیڈ رائس، ڈمپلنگز، مون کیک اور مختلف گوشت کے پکوان شامل ہیں۔اس خلائی سٹیشن میں ایسا کچن موجود ہے جس میں خوراک گرم کرنے کا نظام، گرم پانی فراہم کرنے والے آلات اور خلا میں استعمال کے لیے تیار کیا گیا بیکنگ اوون شامل ہے ، جس کی مدد سے خلا باز گرم کھانا کھا سکتے ہیں۔

بعض اوقات خلا بازوں کی ذاتی پسند کے مطابق بھی مینو ترتیب دیا جاتا ہے ۔ مثال کے طور پر ‘شینژو 13’ کے دوران وانگ یاپنگ نامی خلاباز کے لیے سمندری خوراک والے ڈمپلنگز اور خلاباز گوانگ فو کے لیے مصالحے دار کھانے فراہم کیے گئے تھے ۔خلا میں رات کو اچھی نیند لینا آسان نہیں ہوتا کیونکہ وہاں نہ بستر ہوتے ہیں اور نہ تکیے ، بلکہ خلا باز سلیپنگ بیگ میں دیوار کے ساتھ بندھ کر سوتے ہیں۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق تیانگونگ خلائی سٹیشن میں ہر خلا باز کے لیے ایک الگ سونے کا نجی کیبن موجود ہوتا ہے ، جہاں وہ آرام کرتا اور اپنی ذاتی اشیا رکھتا ہے ۔چونکہ خلا میں کشش ثقل نہیں ہوتی، اس لیے خلا باز عام بستر پر نہیں سوتے بلکہ خود کو سلیپنگ بیگ یا مخصوص حصے میں باندھ لیتے ہیں تاکہ نیند کے دوران اِدھر اُدھر نہ تیرتے رہیں۔خلائی سٹیشن تقریباً ہر 90 منٹ بعد زمین کا ایک چکر مکمل کرتا ہے اور روزانہ کئی طلوع و غروب آفتاب دیکھتا ہے ، لیکن خلا باز زمین جیسا معمول برقرار رکھتے ہیں۔ سٹیشن میں روشنی کا نظام اُن کے جسمانی وقت کو منظم رکھنے میں مدد دیتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...