ہائیکورٹ :عمرقیدکی سزاپانے والے 2ملزم 10سال بعد بری
مقدمے کے شواہد میں موجود تضادات سزا برقرار رکھنے کیلئے نا کافی :ریمارکس عدالت نے سزا میں اضافے کیلئے مدعی کی کریمنل ری ویژن بھی خارج کردی
لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے دو ملزموں قیصر اور شمشیر احمد کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے 10 سال بعد بری کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس غلام سرور نہنگ نے ملزمان کی کریمنل اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ استغاثہ جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا، جبکہ مقدمے کے شواہد میں موجود تضادات اور خامیاں سزا برقرار رکھنے کے لیے کافی نہیں۔عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ وقوعے کے بعد ایف آئی آر کے اندراج میں غیر واضح تاخیر ہوئی، جبکہ مدعی کی جانب سے پولیس کو 15 پر اطلاع دینے کا دعویٰ بھی ثابت نہیں ہوسکا۔
مدعی نے مقتول کو ہسپتال منتقل کرنے والی گاڑی، خریداری کا سامان اور اپنے خون آلود کپڑے بھی تفتیشی افسر کے حوالے نہیں کیے ۔عدالت نے پوسٹ مارٹم میں پانچ گھنٹے سے زائد تاخیر، عینی شاہدین کے بیانات میں تضادات اور اسلحے کی برآمدگی سے متعلق شواہد کا بھی جائزہ لیا۔ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ فرانزک سائنس ایجنسی کی مثبت رپورٹ بھی دیگر کمزور شواہد کے باعث سزا برقرار رکھنے کے لیے کافی نہیں۔جسٹس غلام سرور نہنگ نے قرار دیا کہ فوجداری مقدمات میں جرم شک سے بالاتر ثابت کرنا استغاثہ کی ذمہ داری ہے اور ایک معقول شک بھی ملزم کی بریت کے لیے کافی ہے ۔عدالت نے سزا میں اضافے کے لیے مدعی کی کریمنل ری ویژن بھی خارج کردی۔دونوں ملزموں کو ایڈیشنل سیشن جج کروڑ لعل عیسن، ضلع لیہ نے 2019 میں محمد اسلم کے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments