پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس،نئے صوبوں پر مشاورت

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس،نئے صوبوں پر مشاورت

ایک اور اجلاس بلایا جا ئیگا،تحریک انصاف پہلے سے مضبوط نظر آئیگی،سلمان اکرم نئے صوبوں کیلئے ریفرنڈم نہیں، آئینی طریقہ اختیار کیا جائے ، بیرسٹر گوہرکی گفتگو

 اسلام آباد (دنیا نیوز،این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں قومی مسائل، صوبوں اور پارٹی کی تنظیم نو سے متعلق مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے ، اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی  سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کا یہ اجلاس حتمی نہیں تھا، آئندہ دنوں میں ایک اور اجلاس بلایا جائے گا،اُنہوں نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ قوم کو درپیش مسائل پر مشاورت کی جائے گی، جبکہ صوبوں کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے ، پارٹی کی سطح پر تنظیم نو کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی کی صحت اور ان کے کیسز کے حوالے سے زین قریشی نے تفصیلات سے آگاہ کیا، یاسمین راشد اور اعجاز چودھری کی صحت بھی ٹھیک نہیں ہے ، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی اب پہلے سے زیادہ مضبوط نظر آئے گی، صوبوں کے معاملے پر رہنماؤں کی تجاویز کو بانی تک پہنچایا جائے گا اور پھر حتمی فیصلہ عمران خان ہی کریں گے ، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اجلاس میں پارٹی عہدوں پر تنظیم نو کا فیصلہ بھی کیا گیا، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ، ہم عوام کی آواز کو ہر پلیٹ فارم پر اٹھائیں گے ، انہوں نے کہا کہ ہمارے اسیروں کی پٹیشن نہیں سنی جارہی، ہمارے سیکڑوں دوستوں کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ، پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ پی ٹی آئی عامر ڈوگر نے کہا کہ آج کی میٹنگ بہت اہم تھی۔

اس میں قومی ایشوز پر بات ہوئی، اراکین نے اپنی تجاویز دیں جبکہ لطیف کھوسہ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے کمیٹی کو بریف کیا اور بانی سے ملنے والی ہدایات بھی اراکین کو دیں۔ دریں اثنا ذرائع کے مطابق اجلاس میں ارکان کی اکثریت نے 28ویں ترمیم کے حوالے سے حکومت سے رابطے کی خواہش کا اظہار کردیا، ارکان نے کہا کہ نئے صوبوں پر مشاورت کے لیے بانی پی ٹی آئی تک رسائی ہونی چاہیے ، صوبوں کے معاملات پر اگر مذاکرات کی راہیں ہموار ہوتی ہیں تو اس پر مشاورت ہونی چاہیے ، ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چار گھنٹے سے بھی زائد وقت جاری رہا ، ارکان پارلیمنٹ کی اکثریت اجلاس میں نہ آ سکی۔ دریں اثنا چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈم کے بجائے آئینی طریقہ اختیار کرنا ہوگا، عوام کی مرضی کے بغیر نئے صوبوں سے متعلق قانون سازی نہیں ہونی چاہیے ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی حکومت میں عموماً بیوروکریٹک اور ٹیکنوکریٹ نوعیت کا سیٹ اپ ہوتا ہے ، سیاسی جماعتیں براہِ راست اس کا حصہ نہیں ہوتیں، نئے صوبوں کا قیام انتہائی حساس معاملہ ہے ، عوام کی مرضی اور منشا کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں ہونا چاہیے ۔بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ریفرنڈم آئینی ترمیم کا متبادل نہیں ہوسکتا، نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا، عوام کی مرضی کے بغیر نئے صوبوں سے متعلق قانون سازی نہیں ہونی چاہیے ، نئے صوبوں کے معاملے پر ایسی قانون سازی نہ کی جائے جو کسی مسئلے کو حل کرنے کے بجائے مزید تنازعات پیدا کرے ۔ مزید کہا کہ نئے صوبوں کا قیام انتہائی حساس معاملہ ہے ، ایسی قانون سازی نہ کی جائے جو کسی مسئلے کو حل کرنے کے بجائے مزید تنازعات پیدا کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...