سرکاری ملازمین کو اپ گریڈیشن کا قانونی حق نہیں یہ حکومتی پالیسی سے مشروط:وفاقی آئینی عدالت
سرکاری اداروں کی قانونی حیثیت، فرائض اور سروس ڈھانچہ مختلف ہوتا:فیصلہ،FIA اہلکاروں کی درخواستیں مسترد یوٹیلیٹی کورٹس کوگیس چوری اورواجبات کی وصولی کا اختیار ،اوگرا متوازی دائرہ اختیار استعمال نہیں کر سکتی ،عدالت
اسلام آباد (اے پی پی،کورٹ رپورٹر) سرکار ی ملازمین کو عہدوں کی اپ گریڈیشن کا خودکار یا قانونی حق حاصل نہیں، بلکہ یہ متعلقہ حکومت کی پالیسی اورانتظامی صوابدید سے مشروط ہے ، مختلف سرکاری اداروں کے ملازمین کو ملنے والی اپ گریڈیشن کی بنیاد پرکسی دوسرے ادارے کے ملازمین بھی اسی سہولت کا مطالبہ نہیں کر سکتے ۔وفاقی آئینی عدالت نے ایف آئی اے اہلکاروں کے گریڈز میں اضافے سے متعلق درخواستیں مسترد کرتے ہوئے یہ اصول وضع کیا ہے ،چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے قرار دیا کہ مختلف سرکاری اداروں کی قانونی حیثیت، فرائض، مقاصد، تربیتی نظام اور سروس ڈھانچہ مختلف ہوتا ہے ، اس لیے اسلام آباد پولیس، پنجاب پولیس اور انٹیلی جنس بیورو سمیت دیگر اداروں کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کو ایف آئی اے اہلکاروں کے لیے یکساں بنیاد نہیں بنایا جا سکتا۔عدالت نے واضح کیا کہ اپ گریڈیشن ایک پالیسی معاملہ ہے جو انتظامیہ کے خصوصی دائرہ اختیار میں آتا ہے ۔
عدالتیں حکومتی پالیسی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتیں تاہم بنیادی حقوق کی خلاف ورزی، واضح غیر قانونی اقدام یا امتیازی پالیسی کی صورت میں عدالتی مداخلت ممکن ہے ۔مقدمے میں درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس، پنجاب پولیس، خیبر پختونخوا پولیس، سندھ پولیس، بلوچستان پولیس، انٹیلی جنس بیورو اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کے گریڈز میں اضافہ کیا گیا ہے ، لہذا ایف آئی اے کے ملازمین کو بھی یہی سہولت فراہم کی جائے ۔ مزیدبرآں وفاقی آئینی عدالت نے قراردیا ہے کہ بجلی کی غیر قانونی بلنگ کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنا قانونی حق ہے ،بجلی کی تقسیم، میٹرنگ اور بلنگ سے متعلق تنازعات میں عوامی قانون کا عنصر شامل ہوتا ہے ، اس لیے ایسے معاملات آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت ہائی کورٹ کے عدالتی جائزے کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ عدالت نے اس قانونی اصول کی وضاحت کرتے ہوئے ہمدرد لیبارٹریز (وقف)پاکستان کے خلاف اضافی بجلی بلنگ کے معاملے میں لیسکو کی اپیل مسترد کر دی ۔ آئینی عدالت کے تین رکنی بینچ نے اوگرا کی سپریم کورٹ کے فیصلوں کے خلاف دائر نظرثانی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے قراردیاہے کہ گیس چوری اور واجبات کی وصولی کا خصوصی اختیار گیس یوٹیلٹی کورٹس کو حاصل ہے ، اوگرا متوازی دائرہ اختیار استعمال نہیں کر سکتی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments