سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں دفاتر کھولیں،حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں:عطا تارڑ
شدت پسند اور کالعدم تنظیمیں سوشل میڈیا کو بیانیے کے فروغ کیلئے استعمال کر رہیں، پلیٹ فارمز منفی مواد روکنے میں ناکام ہوچکے متنازعہ اور اشتعال انگیز مواد کو زیادہ نمایاں کرنے والا الگورتھم منفی رجحانات بڑھا رہا ، وائرل مواد سے تخلیق کار مالی فائدے اٹھا رہے
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کرنے اور حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنا چاہتی ہے ۔شدت پسند اور کالعدم تنظیمیں سوشل میڈیا کو بیانیے کے فروغ کیلئے استعمال کر رہیں، پلیٹ فارمز منفی مواد روکنے میں ناکام ہوچکے ۔متنازعہ اور اشتعال انگیز مواد کو زیادہ نمایاں کرنے والا الگورتھم منفی رجحانات بڑھا رہا ، وائرل مواد سے تخلیق کار مالی فائدے اٹھا رہے ۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی تعداد تقریباً 10 کروڑ جبکہ سمارٹ فون استعمال کرنے والوں کی تعداد تقریباً 16 کروڑ ہے ۔ سوشل میڈیا پر کوئی بھی مواد چند منٹوں میں وائرل ہو کر تیزی سے پھیل جاتا ہے جس سے معلومات کی تصدیق کا عمل مشکل ہو گیا ہے ۔عطا تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا کو شدت پسند اور کالعدم تنظیمیں اپنے نظریات اور بیانیے کے فروغ کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے ) پاکستان کے علاوہ امریکی محکمہ خارجہ کی کالعدم تنظیموں کی فہرست میں بھی شامل ہے ۔
ہم نے ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا اور بتایا کہ یہ تنظیم دہشت گردی اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث ہے لہٰذا اس کا مواد ہٹایا جانا چاہیے لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہراسگی کے واقعات بھی سنگین مسئلہ ہیں۔ پلیٹ فارمز کا الگورتھم مثبت اور تعمیری مواد کی بجائے متنازع اور اشتعال انگیز مواد کو زیادہ نمایاں کرتا ہے ۔ وائرل ہونے والے مواد کو مالی فوائد سے جوڑنے کے باعث منفی رجحانات کو تقویت مل رہی ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ کے مطابق غلط اور گمراہ کن معلومات موجودہ دور کا بڑا خطرہ ہیں، اسی لیے اسے پوسٹ ٹروتھ کا دور کہا جاتا ہے ۔ کسی معلومات کو غلط یا گمراہ کن قرار دینے سے پہلے اس کے ماخذ اور تصدیق شدہ ذریعے کا جائزہ لینا ضروری ہے ۔سمارٹ فون رکھنے والا ہر شخص اب معلومات نشر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے تصدیق کا عمل مزید مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز شہریوں کے وقار اور نجی زندگی کے تحفظ میں بھی ناکام ہو رہے ہیں۔ ٹک ٹاک کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ ویڈیوز پر لیبل لگانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے صارفین کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کی شناخت میں مدد ملتی ہے ۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ ان کے کاروبار میں ترقی ہو اور پاکستان میں ان کی موجودگی بڑھے ۔ پاکستان کی نوجوان آبادی متحرک ہے اور نوجوان بڑی تعداد میں مثبت مواد تخلیق کر رہے ہیں، جس سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کرنے اور اپنی موجودگی مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments