سابق فاٹا،پاٹا میں 4لاکھ کسٹمز پیڈگاڑیاں،ضبطی پر اہلکاروں کو حملوں کا سامنا

سابق  فاٹا،پاٹا میں 4لاکھ  کسٹمز  پیڈگاڑیاں،ضبطی  پر  اہلکاروں  کو  حملوں کا  سامنا

ایکسائز ڈیپارٹمنٹ میں 125000گاڑیاں رجسٹرڈ، پانچ سالہ ٹیکس استثنیٰ ختم ہونے کے باوجود استعمال جاری ایف بی آر پارلیمنٹیرینز کو نوٹسز انتخابات سے کافی عرصہ پہلے جاری کرے ، چیئرمین سینیٹ خزانہ کمیٹی کا اجلاس سے خطاب

 اسلام آباد (دنیا نیوز،اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کو بتایا گیا کہ سابق فاٹا اور پاٹا میں اندازاً 4 لاکھ نان کسٹمز پیڈ (این سی پی) گاڑیاں زیر استعمال ہیں۔ ان گاڑیوں کو ضبط کرنے کی کارروائیوں کے دوران کسٹمز حکام اور پولیس اہلکاروں کو سنگین سکیورٹی خطرات اور جان لیوا حملوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ کمیٹی نے مسئلے کے حل کے لیے قابل عمل اور جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس میں سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ ہوائی اڈوں پر تعینات کسٹمز حکام کے خلاف کرپشن کی تحقیقات پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی ارکان نے کرپشن ثابت ہونے کے باوجود متعلقہ افسران کو معمولی سزائیں دینے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان سزاؤں میں سرزنش اور سالانہ انکریمنٹ روکنے جیسی کارروائیاں شامل تھیں۔ ارکان نے سوال اٹھایا کہ ثابت شدہ کرپشن کے مقدمات میں سخت سزاؤں کے بجائے معمولی تادیبی کارروائیاں کیوں کی گئیں۔چیئرمین ایف بی آر نے سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے تحت تادیبی کارروائیوں اور بڑی سزاؤں کے حوالے سے قانونی حدود کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے قانون میں ترمیم کی ضرورت ہے ۔

ارکان نے ترقیوں کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور غیر جانبدارانہ جائزے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ایف بی آر کو زیر التوا انکوائریوں کی تفصیلات اور ان کی تکمیل کے لیے مقررہ مدت آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین ایف بی آر نے کنزمپشن سرٹیفکیٹس کے معاملے پر بتایا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں غور کے بعد گریڈ 20 کے ایک سینئر ایف بی آر افسر کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے تفصیلی انکوائری جاری ہے ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ بعض علاقوں میں سرکاری اہلکاروں کو عملی مشکلات کا سامنا ہے ۔ ان علاقوں میں اندازاً 4 لاکھ این سی پی گاڑیاں زیر استعمال ہیں جبکہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ میں تقریباً ایک لاکھ 25 ہزار گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔پانچ سالہ ٹیکس استثنیٰ ختم ہونے کے باوجود استعمال جاری ہے ،سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مسئلے کے حل کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے اور ایف بی آر کو متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد تفصیلی معلومات اور قابل عمل تجاویز آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔کمیٹی نے انتخابات سے قبل پارلیمنٹیرینز کو ایف بی آر کی جانب سے نوٹسز جاری کرنے کے وقت پر بھی سوالات اٹھائے ۔ چیئرمین کمیٹی نے ایف بی آر پر زور دیا کہ نوٹسز انتخابات سے کافی پہلے جاری کیے جائیں اور مقدمات کے فیصلے بروقت کیے جائیں ۔چیئرمین کمیٹی نے مبینہ ڈیجیٹل پیمنٹ نیٹ ورک کے ذریعے اربوں روپے بیرون ملک منتقل کیے جانے کے الزامات اور جوا و انعامات پر مبنی سکیموں سے متعلق خدشات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایس ای سی پی اور اسٹیٹ بینک کو آئندہ اجلاس میں جامع بریفنگ دینے اور معاملے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی جبکہ این سی سی آئی اے کو بھی آئندہ اجلاس میں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...