نیب کارروائی:واگزار 1692کنال اراضی ریلوے کے نام منتقل، ہاؤسنگ متاثرین کو پلاٹس اور رقوم واپس
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب) کی متعلقہ ریونیو حکام کے ساتھ مشترکہ اور مربوط کوششوں سے پاکستان ریلوے کی 1,692 کنال اور 10مرلے اراضی کا انتقال وفاقی حکومت/پاکستان ریلوے کے نام مکمل ہو گیا، اراضی کی مجموعی تخمینہ شدہ مالیت 109.07 ارب روپے ہے ۔
چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد اور ڈائریکٹر جنرل نیب اسلام آباد/راولپنڈی رضوان خان نے اس پورے عمل میں رہنمائی کی۔ چکلالہ کینٹ میں 1,504 کنال اور 11 مرلے اراضی کی مالیت 90.27 ارب روپے ہے اور راولپنڈی کینٹ میں 187 کنال اور 19 مرلے اراضی کی مالیت 18.79 ارب روپے لگائی گئی۔ یہ کارروائی مشترکہ ٹاسک فورس/کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل کے بعد عمل میں لائی گئی۔ علاوہ ازیں نیب اسلام آباد/راولپنڈی نے یونیورسٹی ٹاؤن کے متاثرین کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے تقریباً 3.4 ارب روپے مالیت کا تصفیہ مکمل کر لیا اور پہلے مرحلے میں پلاٹس کے قبضے لیٹرز الاٹیز کے حوالے کیے ۔ یہ تصفیہ موصولہ 514 شکایات پر شروع کی گئی انکوائری کے نتیجے میں مکمل ہوا۔ نیب کی مداخلت پر انتظامیہ نے 180 سے زائد پلاٹس کی فراہمی اور دعویداروں کو رقوم کی واپسی پر مشتمل تصفیے کی تجویز دی جس کی منظوری دی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹیبلٹی سہیل ناصر تھے جنہوں نے متاثرین میں قبضہ کے لیٹرز تقسیم کیے ۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مالی استحصال کا شکار شہریوں کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کیلئے نیب کے عزم کا اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments