سندھ سلیکشن بورڈ کے اجلاسوں میں جونیئرز کی ترقی کے فیصلے چیلنج

سندھ سلیکشن بورڈ کے اجلاسوں میں جونیئرز کی ترقی کے فیصلے چیلنج

ہائیکورٹ کا چیف سیکرٹری ، سیکرٹری سروسز ، سلیکشن بورڈ ارکان کو نوٹس ،ریکارڈ طلب اجلاسوں کے منٹس،سفارشات،ورکنگ پیپرز،سروس ریکارڈ سربمہر لفافے میں جمع کرانیکا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں صوبائی سلیکشن بورڈ کے دو اجلاسوں میں سینئر افسران کو نظرانداز کرکے جونیئر افسران کو ترقی دینے کے فیصلوں کے خلاف تین آئینی درخواستیں دائر کردی گئیں، عدالت نے چیف سیکرٹری ، سیکرٹری سروسز اور صوبائی سلیکشن بورڈ کے متعلقہ ارکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ترقیوں سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔ عدالت نے 25 دسمبر 2025 اور 26 اکتوبر 2026 کے اجلاسوں کے ورکنگ پیپرز، منٹس، سفارشات، افسران کی سالانہ کارکردگی رپورٹس اور دیگر سروس ریکارڈ 27 نومبر کو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ پروونشل سلیکشن بورڈ کے اجلاسوں میں ترقیوں کے عمل کے دوران سینئر افسران کو سپرسیڈ کرکے جونیئر افسران کو اگلے گریڈز میں ترقی دینے کے فیصلوں کو تین علیحدہ آئینی درخواستوں کے ذریعے چیلنج کیا گیا ہے ۔ درخواستیں مختلف سروس کیڈرز سے تعلق رکھنے والے افسران نے اپنے سروس حقوق اور ترقی کے مواقع متاثر ہونے پر دائر کی ہیں۔ درخواستوں میں پہلی کیٹیگری پروونشل سروس آف پاکستان کے ان افسران کی ہے جن کی گریڈ 20 سے گریڈ 21 میں ترقی زیر غور تھی، دوسری کیٹیگری میں وہ افسران شامل ہیں جن کی گریڈ 19 سے گریڈ 20 میں ترقی ہونی تھی، جبکہ تیسری درخواست ایکس پروونشل سول سروس کے افسران نے گریڈ 19 سے گریڈ 20 میں ترقی کے معاملے پر دائر کی ہے ۔عدالتی حکم کے مطابق ورکنگ پیپرز، اجلاسوں کے منٹس، بورڈ کی سفارشات، افسران کی سالانہ خفیہ رپورٹس اور مکمل سروس ریکارڈ سربمہر لفافے میں عدالت میں جمع کرایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...