تعلیمی اداروں میں منشیات کیخلاف خصوصی اقدامات ناگزیر ،فر یال تالپو

تعلیمی اداروں میں منشیات کیخلاف خصوصی اقدامات ناگزیر ،فر یال تالپو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اہم اجلاس چیئرپرسن فریال تالپور کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کراچی میں منعقد ہوا۔

جس میں صوبے بھر میں منشیات کی روک تھام،تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام، منشیات سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لیے قائم خصوصی عدالتوں، فرانزک سائنس لیبارٹری کی استعدادِ کار اور گداگری کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں، تعلیمی اداروں میں آگاہی و نگرانی کے نظام، قانونی کارروائیوں اور گداگری کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات پر کمیٹی کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر مختلف شعبوں میں درپیش مسائل،عملی مشکلات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ فریال تالپور نے ہدایت کی کہ منشیات کے بڑھتے رجحان کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات ناگزیر ہیں، کیونکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔فریال تالپور نے زور دیا کہ اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور طلبہ کی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں، تاکہ تعلیمی اداروں کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ منشیات کے خلاف قائم ٹاسک فورس کی کارروائیوں میں تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ان کے نتائج کو مزید بہتر بنایا جائے ۔

چیئرپرسن کمیٹی نے گداگری کے خاتمے کے حوالے سے ہدایت کی کہ پولیس،محکمہ سماجی بہبود اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں۔ وزیر داخلہ و قانون ضیاء الحسن لنجار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں منشیات کے کاروبار، اس کی ترسیل اور پھیلاؤ کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ منشیات سے متعلق مقدمات کی تفتیش، شواہد کے تجزیے اور قانونی کارروائی کو مؤثر بنانے میں فرانزک سائنس لیبارٹری کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے ۔ جدید سائنسی سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے تفتیشی عمل کو مزید مستند اور مؤثر بنایا جانا چاہیے ۔ گداگری کی روک تھام کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سماجی مسئلے کے خاتمے کے لیے پولیس اور محکمہ سماجی بہبود کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت اپنی کارروائیاں تیز کرنا ہوں گی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری قانون سعید احمد شیخ نے منشیات کنٹرول سے متعلق خصوصی عدالتوں کی موجودہ صورتحال، مقدمات کی سماعت اور قانونی پیش رفت کے حوالے سے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی ویسٹ نے منشیات کے خلاف قائم ٹاسک فورس کی کارروائیوں، مختلف اقدامات اور حاصل ہونے والے نتائج سے متعلق رپورٹ پیش کی جبکہ ڈی آئی جی ساؤتھ نے اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات ،آگاہی مہم اور آئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔آئی جی نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے بالخصوص کراچی میں گداگری کی روک تھام اور منظم گداگری میں ملوث عناصر کے خلاف پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...