مذاکرات کیلئے تیار، پاکستان، قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری : ایران

مذاکرات کیلئے تیار، پاکستان، قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری : ایران

امریکی حملے کابھر پور جواب دیں گے ،یمن جنگ کے خاتمے کیلئے چین اور روس کی کوششوں کا خیرمقدم:ایرانی سفیر بحری ناکہ بندی توڑنے پرخلیج عمان میں جہاز ناکارہ بنا دیا:سینٹ کام ،ایرانی فوج کا جاسوس ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

واشنگٹن،تہران،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ سی این این عربی کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مختلف تجاویز اور خیالات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے ۔ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے ، تاہم اگر حملہ کیا گیا تو بھر پور جواب دیں گے ۔انھوں نے کہا یمن میں جنگ کے خاتمے کیلئے چین اور روس کی سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔امریکی فوج نے ایران کی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے پلاؤ کے پرچم بردار جہاز کو خلیج عمان میں ناکارہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق جمعرات کو امریکی طیارے نے جہاز پیسیفک آرچر کے پچھلے حصے پر درست نشانہ لگانے والے ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اس کا انجن اور نظام حرکت بند ہوگیا۔

جہاز ایران کی بندرگاہ بندر عباس سے روانہ ہوا تھا۔ عملے کے تمام افراد محفوظ رہے ۔ ایرانی فوج نے ابنائے ہرمز اور خلیج فارس کے اوپر پرواز کرنے والے دشمن کے ایک جاسوس ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ایرانی خبر رساں اداروں ارنا اور فارس نیوز کے مطابق ایرانی فوج کے فضائی دفاعی دستے نے مقامی طور پر تیار کردہ دفاعی نظام کی مدد سے آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کے اوپر پرواز کرنے والے دشمن کے ایک نگرانی کرنے والے ڈرون کا سراغ لگایا تھا۔ایرانی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف سٹاف نے کہا ہے کہ دنیا میں جہاں سے بھی ہم پر حملہ کیا جائے گا، ہم وہیں جواب دیں گے ۔

بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری نے تہران میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دو بڑی جوہری طاقتوں کو ایران کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ خصب بندرگاہ کے دہانے اور آبنائے ہرمز کے مشرق میں غیر مجاز راستے پر دو آئل ٹینکروں میں دھماکے ہوئے اور ان میں آگ لگ گئی ہے ۔ایرانی بحریہ کے سربراہ شہرام ایرانی کا کہنا ہے کہ مسلح افواج نے دشمن کو بحیرہ عرب اور شمالی بحرِ ہند میں روک دیا ہے ،مستقبل میں اسے مزید پیچھے دھکیلیں گی۔دشمن ایران کے اندرونی پانیوں تک پہنچنے کی کوشش میں تھا، اب آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت مانگ رہا ہے ۔ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر اور معاون محمد مخبر نے کہا کہ ہم نہ تو آبنائے ہرمز کو کھولیں گے اور نہ ہی ناکہ بندی کو برقرار رہنے دیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...