مکہ اتحاد اجلاس پورے خطے کے دفاعی مفادات کیلئے اہم

مکہ اتحاد اجلاس پورے خطے کے دفاعی مفادات کیلئے اہم

ٹائمنگ اہم سفارتی اشارہ،فوری جنگی اقدام کا اعلان قرار نہیں دیا جاسکتا

(تجزیہ:سلمان غنی)

اسلام آباد میں منعقدہ مکہ دفاعی اتحاد کی سٹریٹجک سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے اعلیٰ سطح اجلاس کو حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں کے خلاف سعودیہ کی سلامتی و سکیورٹی کو موثر بنانے کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے ۔ اس اجلاس کی اہمیت صرف دفاعی مشاورت تک محدود نہیں بلکہ یہ پیغام بھی ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی حرمین شریفین کے تحفظ اور خطہ میں امن و استحکام مسلم ممالک کی مشترکہ ذمہ داری بن چکی ہے ،پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو قومی مفاد مسلم ممالک کے اتحاد اور علاقائی استحکام کے تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے ، پاکستان کا کردار دفاعی تعاون کے ساتھ امن کے لئے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانا بھی ہے ،اسلام آباد اجلاس کے حوالے سے کہا جا سکتا ہے کہ اس اجلاس کے فیصلے عملی دفاعی تعاون موثر رابطوں اور خطے میں امن و استحکام کی صورت اختیار کرنے میں اہم ہوں گے ۔

مذکورہ اجلاس بارے کہا جا سکتا ہے کہ یہ صرف سعودیہ کی سلامتی تک محدود نہیں تھا سعودیہ کی سلامتی رکن ممالک کی اہم ترین ترجیح ضرور ہے مگر اجلاس میں مشترکہ دفاعی تعاون ،فوری رابطہ کاری ،دہشت گردی انتہا پسندی کے خلاف اقدامات ،خطہ میں امن استحکام ،بحری راستوں کا تحفظ اور خصوصاً مسلم ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا طریقہ کار بھی ایجنڈا میں اہم تھا، دیکھا گیا کہ سعودی عرب کے تحفظ کے ساتھ پورے خطے کے مشترکہ دفاعی مفادات کو کیسے آگے بڑھایا جا سکتا ہے ۔

اجلاس کی ٹائمنگ اس لئے بھی اہم ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ایران اور خلیجی ممالک کے تعلقات بحری راستوں کے تحفظ اور علاقائی عدم استحکام جیسے مسائل کی موجودگی میں مل بیٹھنے کے عمل کو ضرورت کے طور پر لیا جا رہا تھا پاکستان کے لئے اس لئے بھی اہم ہے کہ وہ سعودی عرب کی سلامتی کے عزم کو مضبوط رکھتے ہوئے ایران کے ساتھ سفارتی رابطوں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے ،خصوصاً امریکا ایران کے درمیان جنگی کیفیت کے خاتمے میں اسلام آباد اور اسلام آباد اعلامیہ کی اپنی اہمیت ہے لہٰذا اجلاس کی ٹائمنگ ایک اہم سفارتی اشارہ ہو سکتی ہے کہ پاکستان اور شریک ممالک علاقائی سلامتی کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں تاہم اسے کسی فوری جنگی اقدام یا کسی مخصوص ملک کے خلاف اتحاد کا اعلان قرار نہیں دیا جا سکتا، البتہ اسلام آباد اجلاس دفاعی تعاون کو محض عزم سے آگے بڑھا کر عملی مشترکہ سلامتی کے نظام میں تبدیل کر پایا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...