مرتے دم تک سندھ کی تقسیم قبول نہیں:شرجیل میمن
بلاول کہہ چکے فیصلے پارلیمنٹ میں ہوتے ،ٹاک شوز میں نہیں:سینئروزیر
کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئین اور قانون کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے ،تمام آئینی اور قانونی معاملات پر بحث کا اصل فورم پارلیمنٹ ہے وہیں ایسے معاملات پر بحث ہونی چاہیے ، آئین میں واضح طورپر لکھا ہے کہ صوبوں سے متعلق حتمی فیصلہ صوبائی اسمبلی کا ہوگا، جو فیصلہ اسمبلیاں کریں گی وہ ہمیں قبول ہوگا، سندھ اسمبلی اپنا حتمی فیصلہ دے چکی ہے اور کئی بار کہہ چکی کہ سندھ کی تقسیم قبول نہیں، مرتے دم تک یہی کہے گی،بلاول بھٹو زرداری کہہ چکے ہیں فیصلے پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں، ٹاک شوز میں نہیں، پیپلز پارٹی وفاق کو مضبوط کرنے والی جماعت ہے، اصل تباہی ایم کیو ایم اور اس کے بانی نے کی۔
سندھ اسمبلی میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کو مضبوط اور متحد دیکھنا چاہتی ہے ،شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر بلاول بھٹو تک پی پی ہمیشہ آئین کی پاسداری کے موقف پر ڈٹی رہی ہے ، اس وقت ملک کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے ،پاکستان قومی اتحاد کے ذریعے عالمی اور اندرونی چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرسکتا ہے ۔ایم کیو ایم کے فیصل رفیق نے کہا کہ لانڈھی، شاہ فیصل اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی قلت دور کی جائے ۔ پیپلز پارٹی کی ملیحہ لودھی نے کہا کہ ایوانوں سے باہر نکالنے کی طاقت بھی عوام کے پاس ہے ، جہاں عوام چاہتے ہیں وہاں صوبے بننے چاہئیں۔
ایم کیو ایم کے افتخار عالم نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کو موضوع بنا کر نفرت کی سیاست نہیں کرنی چاہیے ،انتظامی یونٹ یا صوبے آبادی کے حساب سے بننے چاہئیں، اس میں کوئی غیر آئینی بات تو نہیں۔ایم کیو ایم کے نجم مرزا نے کہا کہ اس اسمبلی سے صوبے کی تقسیم کے علاوہ بھی ہزاروں قراردادیں منظور ہوئی ہیں، اس قرارداد کی بھی وہی حیثیت ہے جو ہماری قراردادوں کی ہے ۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قرارداد کی کوئی حیثیت نہیں یہ بات وہی کہہ سکتا ہے جو میرٹ پر نہ آیا ہو، یہ بات جعلی مینڈیٹ والا کہہ سکتا ہے ۔ان کی تقریر کے دوران ایم کیو ایم اراکین نے احتجاج کیا۔بعد ازاں اسپیکر نے اجلاس یکم دسمبر دوپہر تین بجے تک ملتوی کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments