آل راؤنڈر شعیب ملک نے انجری مسائل کو ہوا میں اڑا دیا

آل راؤنڈر شعیب ملک نے انجری مسائل کو ہوا میں اڑا دیا

پین کلرز لیکرٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی، پہلا ون ڈے بھی کھیلنا چاہتا تھا، فیلڈنگ کا چور نہیں، کرکٹر

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) قومی سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک نے پے در پے انجری مسائل کو ہوا میں اڑا دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ معمولی انجریز سے پریشان نہیں اور مکمل فٹ نہ ہونے کے باوجود بھی وہ میچوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ درد کی گولیاں کھا کر بھی پاکستان کیلئے کھیلتے رہے اور کبھی چھوٹی موٹی انجری ان کی راہ میں حائل نہ ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ وہ فیلڈنگ کے چور نہیں رہے اور بیٹنگ میں بھی پوری اہلیت سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا جسم مکمل فٹ نہ ہو تب بھی وہ کھیل میں سو فیصد طاقت کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی پین کلرز کا استعمال کرنے کے بعد میچز کھیلے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ون ڈے کا بھی حصہ بننا چاہتے تھے لیکن انجری مزید بگڑ نہ جائے ، اس خیال سے انہوں نے آرام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرے ایک روزہ میچ تک انہیں اتنا وقت مل گیا تھا کہ وہ مکمل صحت یاب ہو سکیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں جو انہیں پہلے ٹی ٹوئنٹی کے موقع پر ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں شکست اور پہلا ایک روزہ میچ ہارنے سے قومی کھلاڑیوں کو کافی سبق ملا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں