راجپوت فٹبال:نوید نومی نے ینگ عثمان کو اگلے راؤنڈ میں پہنچا دیا
ینگ ہلال نے بلوچ یوتھ کو3-1 سے شکست دے دی، غریب شاہ یونین بھی کامیاب
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) آل پاکستان مشتاق احمد راجپوت اور افضل قاسم پی آئی اے یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں جہاں مزید تین میچز کا فیصلہ ہوگیا ہے ۔ عثمان آباد گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں ینگ ہلال نے بلوچ یوتھ گارڈن کو3-1 سے شکست دے دی۔ وقفے پر مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر تھا۔ ینگ ہلال کی جانب سے رفیق نے پانچویں منٹ میں گول کرکے سنسنی پھیلا دی۔ بلوچ یوتھ گارڈن نے ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر لگاتار حملے کئے جس کے نتیجے میں بلوچ یوتھ گارڈن کے محمد عارف نے 12 ویں منٹ میں گیند جال میں ڈال کر میچ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف کے 37ویں منٹ میں ارشاداور 64 ویں منٹ میں اکرم نے ایک، ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو 3-1 سے کامیابی دلا دی۔ دوسرے میچ میں غریب شاہ یونین نے سندھ بلوچ کو 2-1 سے قابو کرلیا۔ غریب شاہ یونین کے دونوں گول نعمان نے 12 اور 27 ویں منٹ میں کئے ۔ دوسرے ہاف میں سندھ بلوچ کے وزیر علی نے 46 ویں منٹ میں اپنے ٹیم کا واحد گول کیا۔ تیسرے دلچسپ میچ میں ینگ عثمان آباد نے مسلم اسٹار کو 2-0 سے زیر کرکے اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔ ینگ عثمان کی طرف سے دونوں گول نوید نومی نے چوتھے اور 31 ویں منٹ میں کئے ۔ میچ ریفری راؤ فاروق ، دلمراد اور حیدر، ڈپٹی ریفری سجاد ، الٰہی بخش ، جنید ، عبدالغفار مارکو اور کامل جبکہ میچ کمشنر محمد راشد اور لالہ انور نیازی تھے۔