ڈس ایبلڈکرکٹ :پاکستان نے بنگلہ دیش کو 45رنز سے قابو کرلیا

 ڈس ایبلڈکرکٹ :پاکستان نے بنگلہ دیش کو 45رنز سے قابو کرلیا

واجد عالم اور سیف اللہ کی جارحانہ اننگز ، بنگلہ دیش کے ہاتھوں انگلینڈ کو اپ سیٹ شکست

وارکشائر(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ڈس ایبلڈ ٹیم بنگلہ دیش کو 45رنز سے شکست دے کر ڈس ایبلڈ ٹی ٹونٹی سہ فریقی کرکٹ سیریز میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرکے 4پوائنٹس کے ہمراہ سرفہرست ہوگئی۔بنگلہ دیش اور انگلینڈ نے 2،2میچز کھیل کر 2،2پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔ وارکشائر کے کڈرمنسٹر کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان ڈس ایبلڈ ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں پر 180رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔ واجد عالم نے 74رنز کی شاندار باری کھیلی جس میں 10چوکے اور 2چھکے شامل تھے ۔ سیف اﷲ نے 42رنز کی اننگز میں 5چوکے اور 2چھکے لگائے ۔ بنگلہ دیش ڈس ایبلڈ ٹیم اپنی جوابی اننگز میں 18.3اوورز کا سامنا کرنے کے بعد 135رنز کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئی۔ شریف الاسلام کی 39رنز کی نمایاں اننگز میں 4چوکے اور 2چھکے شامل تھے ۔ نہارعالم ، واقف شاہ، محمد حارث، جہانزیب ٹوانہ نے 2،2 اور ماجدحسین نے ایک کھلاڑی کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ میچ کے اختتام پر سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد محبوب نے واجد عالم کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔ دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 4وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دے دی۔ انگلینڈ نے مقررہ 20اوورز میں 130رنز 9کھلاڑیوں کے نقصان پر بنائے ۔ بنگلہ دیش نے اپنی جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف 18.3اوورز میں 6وکٹوں پر حاصل کرلیا جب 134رنز سکور بورڈ پر آویزاں کئے گئے ۔ دروپام پیٹرونوبس کو 43رنز اور 16رنز کے عوض 2وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں