ٹوکیو اولمپکس:آغاز سے قبل مثبت کوویڈ کیسز میں اضافہ

ٹوکیو اولمپکس:آغاز سے قبل مثبت کوویڈ کیسز میں اضافہ

ایک ایتھلیٹ اور دیگر آٹھ افراد میں وائرس کی موجودگی،قرنطینہ کردیا گیا،ذرائع

ٹوکیو(اسپورٹس ڈیسک)جاپان کے شہر ٹوکیو میں اولمپکس کا میلہ سجنے کے دن قریب آتے ہی مثبت کوویڈ کیسز میں اضافہ ہوگیا اور ایک ایتھلیٹ کے علاوہ آٹھ دیگر افراد میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوتے ہی انہیں فوری قرنطینہ کردیا گیا۔ٹوکیو اولمپکس کی آرگنائزنگ کمیٹی نے گزشتہ روز انکشاف کیا کہ ایک ایتھلیٹ جو کہ جمہوریہ چیک کا بیچ والی بال پلیئر ہے میں کوویڈ کے مثبت نتائج کی تصدیق ہوئی جبکہ کھیلوں سے منسلک آٹھ دیگر افراد میں بھی وائرس کی موجودگی کا علم ہوا یوں ہزاروں کی تعداد میں کورونا ٹیسٹ کرائے جانے کے بعد اب تک مجموعی طور پر 67 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو اندازوں سے کہیں کم تعداد ہے۔ واضح رہے کہ منتظمین کی جانب سے فوری اقدامات کے باعث مقابلوں کے شرکاء یا جاپانی عوام میں وائرس کے پھیلاؤ کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ وہ مستقل اس بات کی تشہیر کرتے رہے ہیں کہ اینٹی وائرس گائیڈ لائنز کو پیش نظر رکھا جائے ۔دوسری جانب بیس بال مقابلوں میں شرکت کیلئے ٹوکیو روانگی سے قبل دو میکسیکن کھلاڑی مثبت کوویڈ نتائج کے سبب آئسولیشن میں چلے گئے ہیں جبکہ ان کے ساتھ موجود دیگر کھلاڑیوں کے نتائج موصول نہیں ہو سکے جن کو بطور احتیاط قرنطینہ کردیا گیا ہے ۔اولمپک حکام کے مطابق ایتھلیٹس ولیج میں دو جنوبی افریقی فٹ بالرز،جمہوریہ چیک کی بیچ والی بال پلیئر اور ایک امریکی خاتون ایتھلیٹ کا بھی مثبت نتیجہ آنے کے بعد انہیں نگرانی میں رکھا گیا ہے جبکہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ کی مسلسل ہدایت ہے کہ ایتھلیٹس اور کھلاڑی سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے ساتھ ماسک کا استعمال جاری رکھیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں