ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ:آئرلینڈ نے نیدرلینڈز کو قابو کرلیا

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ:آئرلینڈ نے نیدرلینڈز کو قابو کرلیا

106رنز ہدف کے تعاقب میں فاتح ٹیم نے 7وکٹوں سے فتح اپنے نام کی سری لنکا نے نمیبیا کو 7 وکٹوں سے ہرایا،97 رنز کا ہدف 14 ویں اوور میں حاصل

ابوظہبی(سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے تیسرے میچ میں آئرلینڈ نے یکطرفہ مقابلے میں نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ سری لنکا نے نمیبیا کو 7 وکٹوں سے ہرایا۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے اس میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کرٹس کیمفر نے 4 گیندوں پر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے نیدرلینڈز کو 51 رنز پر 6 وکٹوں سے محروم کرکے اس کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 106 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی ۔ہدف کے تعاقب میں پال سٹرلنگ نے ناقابلِ شکست 30 رنز بنائے اور ٹیم کو 7 وکٹوں سے فتح سے ہمکنار کروادیا۔ کرٹس کیمفر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دریں اثنا کوالیفائنگ راؤنڈ میں گروپ اے کی ٹیموں سری لنکا اور نمیبیا کے درمیان میچ کھیلا گیاجس میں سری لنکا نے نمیبیا کو 7 وکٹوں سے ہرایا۔ نمیبیا کی ٹیم آخری اوور میں 96 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔مہیش تھیکشانا نے 3 وکٹیں لیں۔سری لنکا نے 97 رنز کا آسان ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 14 ویں اوور میں مکمل کرلیا۔ سری لنکا کے بلے باز بھانوکا راجپکسا نے 42 رنز کی بہترین اننگ کھیلی جب کہ ان کا ساتھ اویشکا فرنانڈو نے 30 رنز بناکر دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں