ڈھاکہ ٹیسٹ دوسرا دن: کھلاڑیوں کے بجائے بارش اپنا کھیل دکھاتی رہی

ڈھاکہ ٹیسٹ دوسرا دن: کھلاڑیوں کے بجائے بارش اپنا کھیل دکھاتی رہی

قومی بلے بازوں نے بارش اورگیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث صرف 6.2اوورز کا سامنا کرکے سکور2وکٹوں پر 188رنز پر پہنچا دیا، اظہر علی کی نصف سنچری مغربی وسطی خلیج بنگال میں سمندری طوفان سے پیدا ہونے والے گہرے دباؤ کی وجہ سے آج اور میچ کے چوتھے دن بھی بارش کا خدشہ موجود

ڈھاکہ(سپورٹس ڈیسک) ڈھاکہ ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کے بجائے بارش اپنا کھیل دکھانے لگی۔ میچ کے دوسرے دن خراب موسم کے باعث وکٹ اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے پر صرف 6.2 اوورز ممکن ہو سکے ، پاکستان نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں پر 188 رنز بنا لئے ،بابر اعظم 71 اور اظہر علی 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو دوسرے روز کا کھیل مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ پہلے شروع ہونا تھا مگر خراب موسم کی وجہ سے پہلے سیشن کا کھیل نہیں ہوسکا تاہم کھانے کے وقفے سے قبل بارش رک جانے پر امپائرز نے پچ اور گراؤنڈ کا جائزہ لینے کے بعد کھیل شروع کرنے کا فیصلہ کیا تاہم تیس منٹ میں صرف چھ اعشاریہ دو اوورز ہی ہوئے تھے کہ ایک مرتبہ پھربرسات کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔ بعدازاں گراؤنڈ میں پانی جمع ہو جانے کی وجہ سے کھیل کو مقررہ وقت سے پہلے ختم کر نا پڑا۔پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں پر 188 رنز بنا لئے ہیں۔ کپتان بابر اعظم 71 اور اظہر علی 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ مغربی وسطی خلیج بنگال میں سمندری طوفان سے پیدا ہونے والے گہرے دباؤ کی وجہ سے آج اور میچ کے چوتھے دن بھی بارش کا خدشہ ہے جس کے باعث امکان ہے کہ یہ میچ بلا نتیجہ ختم ہوسکتا ہے ۔واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں