پاکستان ٹور:ٹام لیتھم کی زیر قیادت کیوی اسکواڈ کا اعلان

کرائسٹ چرچ(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کے دورے کیلئے ٹام لیتھم کی زیر قیادت پندرہ رکنی کیوی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جس میں چیڈ بوز اور ہنری شپلی کا پہلی مرتبہ انتخاب کیا گیا۔۔
جبکہ جمی نیشام کی واپسی ہو گئی ہے ۔31 مارچ سے شیڈول آئی پی ایل کیلئے جانے والے سینئرز کی عدم موجودگی میں ٹام لیتھم 2021ء کے بعد پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلیں گے جن کو سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز کے بعد اپریل میں پاکستان کیخلاف سیریز میں بھی کپتانی کرنی ہے ۔کیوی اسکواڈ میں دو نئے کھلاڑیوں چیڈ بوز اور ہنری شپلی کو شامل کیا گیا ہے جبکہ آل راؤنڈر جمی نیشام کی بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی اور سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز کے بعد واپسی ہوئی ہے جو ساؤتھ افریقہ ٹی ٹوئنٹی اور پی ایس ایل میں مصروف تھے ۔نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں مارک چیپ مین،میٹ ہنری،بین لسٹر،ایڈم ملنے ،ڈیرل مچل،راچین رویندرا،ایش سوڈھی،ول ینگ،ڈین کلیور،کول میک کونچی اور بلیئر ٹکنر بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ سری لنکا کیخلاف جاری ہوم سیریز کے بعد کیوی کوچ گیری اسٹیڈ کھیل سے وقفہ لیں گے اور پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ان کی جگہ شین جرگنسن کو کوچنگ اسٹاف کی سربراہی کرنی ہے البتہ گیری اسٹیڈ 26 اپریل سے راولپنڈی میں پاکستان کیخلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کیلئے دوبارہ اسکواڈ جوائن کریں گے ۔