ورلڈکپ جیتنا اور ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کھیلنا اہم اہداف : گرانٹ بریڈ برن

ورلڈکپ  جیتنا  اور  ٹیسٹ  چیمپئن  شپ  فائنل  کھیلنا  اہم  اہداف  :  گرانٹ  بریڈ برن

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)ورلڈ کپ جیتنے اور ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کھیلنے کو اہم اہداف قرار دینے والے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن کا کہنا ہے کہ وہ تینوں فارمیٹس میں اچھی کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں ۔۔۔

جس کیلئے اپنی کرکٹ کے ہر شعبے کو بہتر کرنا ہوگا،سری لنکن ٹور کیلئے اچھے اسپنرز سامنے لانے کی خواہش ہے ،لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی پلان کا حصہ ہیں بلکہ جس کی جگہ بنے گی اسے موقع دیں گے ، بہترین ٹیسٹ اوسط کے مالک عابد علی کو بھی نظر انداز نہیں کر سکتے ۔تفصیلات کے مطابق اسپن بالرز کا خصوصی کیمپ لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں شروع ہو گیا جہاں منتخب کھلاڑیوں نے اپنی ٹریننگ کا آغاز کردیا جبکہ ان کے ساتھ عابد علی اور فخر زمان سمیت کچھ اہم بیٹرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے جن کی مختلف سیشنز کے دوران اسپن اور فاسٹ بالنگ کیخلاف ٹریننگ کی جائے گی ۔اسپن بالرز کی کوچنگ کیلئے این سی اے کے کوچز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باوجود کھلاڑی کیمپ میں شامل ہیں جو اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں گے اور چونکہ فی الحال یہ کیمپ اسپنرز کیلئے ہے تو کوشش یہی ہوگی کہ اچھے اور موثر اسپنرز کو سامنے لایا جائے جو آئندہ سری لنکن ٹور کے دوران میزبان بیٹرز کیلئے پریشانیاں پیدا کریں کیونکہ سری لنکا میں کنڈیشنز اسپن بالنگ کیلئے سازگار ہوتی ہیں۔گرانٹ بریڈبرن کا کہنا تھا کہ لاہور کی سخت گرمی میں ٹریننگ سے اسپنرز کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بھرپور موقع مل رہا ہے اور یقین ہے کہ ان کی یہ محنت رائیگاں نہیں جائے گی اورپاکستانی ٹیم تینوں فارمیٹس میں بہتر کھیل پیش کرے گی کیونکہ ان کی کوشش یہی ہے کہ تینوں فارمیٹس میں بہترین کارکردگی دکھائی جائے اور ایک جانب ورلڈ کپ جیتنے کی کوشش ہوگی تو دوسرا اہم ہدف یہ ہوگا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کھیلا جائے جس کیلئے کرکٹ کے ہر شعبے کو بہتر بنانا ہوگا ۔ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کیمپ میں مدعو کئے جانے والے بیٹرز کو نہ صرف اسپنرز بلکہ فاسٹ بالرز کو بھی اچھے طریقے سے کھیلنے کا موقع ملے گا جس میں عابد علی بھی شامل ہیں جن کی ٹیسٹ اوسط بہترین ہے اور کوئی بھی ان کی صلاحیتوں سے صرف نظر نہیں کر سکتا جبکہ صحت کے مسائل سے نجات کے بعد وہ قومی ٹیم میں واپس آسکتے ہیں جو ایک قیمتی اضافہ ثابت ہوں گے اور اسی پہلو کو سامنے رکھتے ہوئے کیمپ کے دوران ان کی کارکردگی پر گہری نگاہ رکھی جائے گی۔اسپن بالرز کے متعلق بات کرتے ہوئے گرانٹ بریڈبرن کا کہنا تھا کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی ان کے پلان کا حصہ ہیں جو موقع پڑنے پر آزمائے جائیں گے بلکہ ہر اس کھلاڑی کو کھلائیں گے جس کی جگہ بن رہی ہوگی ۔شاہین آفریدی پر کام کے بوجھ سے متعلق ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی انتظامیہ اور کوچنگ اسٹاف فعال انداز سے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور ان پر ورک لوڈ کو مانیٹر کر رہا ہے اور کاؤنٹی کرکٹ کے علاوہ ڈومیسٹک لیگز میں مصروف کرکٹرز کی استعداد کار کے ساتھ فٹنس پر بھی پوری توجہ دی جا رہی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں