اسامہ میر کی اہم کاؤنٹی شپ میچ کیلئے وورسٹرشائر میں واپسی

اسامہ میر کی اہم کاؤنٹی شپ میچ کیلئے وورسٹرشائر میں واپسی

لندن(اسپورٹس ڈیسک)قومی لیگ اسپنر اسامہ میر کی سسیکس کیخلاف اہم کاؤنٹی میچ کیلئے وورسٹرشائر میں واپسی ہو گئی جن کو وٹالٹی بلاسٹ کے تین میچوں میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ایک بار پھر طلب کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ 27 سالہ لیگ اسپنر نے آئی پی ایل میں مصروف کیوی اسپنر مچل اسٹارک کی جگہ کھیلتے ہوئے وٹالٹی بلاسٹ کے ابتدائی تین میچوں میں 61 رنز بنانے کے ساتھ پانچ وکٹیں بھی حاصل کی تھیں اور ان کی ٹیم نے تینوں میچوں میں کامیابی یقینی بنائی تھی۔اسامہ میر کا ایک بار پھر کاؤنٹی سے منسلک ہونے پر کہنا تھا کہ وہ طویل فارمیٹ کے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے تیار ہیں کیونکہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ سے ہی ان کا خواب تھا جو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں کھیل کر پورا ہو گیا جہاں ان کا وقت بہت اچھا گزرا کیونکہ انہوں نے بیٹنگ اور بالنگ دونوں شعبوں میں اچھا کھیل پیش کیا تاہم افسوسناک بات یہ تھی کہ ان کا قیام بہت مختصر رہا البتہ چیمپئن شپ میچ کیلئے اسکواڈ میں واپسی پرجوش ہے اور وہ ٹی ٹوئنٹی سے یکسر مختلف آزمائش سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ سابق پاکستانی کپتان اظہرعلی کے ساتھ میدان میں اترنے کے منتظر اسامہ میر کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے واقف ہیں کہ وورسٹرشائر پوائنٹس ٹیبل پر اچھی پوزیشن میں ہے مگر وہ وٹالٹی بلاسٹ کی طرح اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے کی کوشش کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں