بابر اعظم فتح کیساتھ ورلڈ کپ کا آغاز کرنے کے خواہشمند
حیدر آباد(سپورٹس ڈیسک)کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ کیلئے مکمل تیار ہے ، گزشتہ ہفتے یہاں آمد کے بعد سے ہمیں اچھی پریکٹس ملی اور دو وارم اپ میچوں میں بھی تیاری کا موقع ملا۔نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہر ٹورنامنٹ کا پہلا میچ بہت اہم ہوتا ہے۔
تو ہم یقیناً فتح کے ساتھ ایونٹ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نیدرلینڈز کی ٹیم کو کمزور تصور نہیں کریں گے ، میں ورلڈ کپ کھیلنے پر نیدرلینڈز کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، انہوں نے کوالیفائرز میں بہترین کرکٹ کھیلی اور یہی وجہ ہے کہ وہ یہاں تک پہنچے ہیں۔ نیدرلینڈز نے 1996 میں پہلی بار ورلڈ کپ مقابلوں میں شرکت کی تھی اور اس وقت سے اب تک وہ عالمی کپ میں صرف دو میچز جیت سکے ہیں۔ نیدرلینڈز کے کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ ورلڈ کپ میں کھیلنا ایک ایسا موقع ہے جس کا تمام کھلاڑی خواب دیکھ رہے تھے ، اس ورلڈ کپ کے لیے ہمارے حوصلے بلند ہیں کہ ہم اچھی پرفارمنس پیش کر کے فتوحات سمیٹیں۔