آئی سی سی نے فائنل ڈرامے سے بڑا سبق سیکھ لیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2019 کے فائنل ڈرامے سے بڑا سبق سیکھ لیا جب کہ اس بار ٹائی بریکر کیلئے باؤنڈریز شمار نہیں ہوں گی۔انگلینڈ میں 2019 میں کھیلے گئے فائنل کا اختتام انتہائی متنازعہ انداز میں ہوا تھا۔۔
جس میں نیوزی لینڈ کیخلاف انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا، میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور بھی برابر رہا جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کی جانب سے جڑی گئی باؤنڈریز کا شمار کیا گیا جس میں انگلش ٹیم آگے تھی، جس کی وجہ سے اسے چیمپئن قرار دیا گیا، اس سے کیوی شائقین کے دل ٹوٹ گئے ۔اس تنازع سے سبق حاصل کرتے ہوئے اس بار آئی سی سی نے واضح کیا کہ صرف ناک آؤٹ ہی نہیں بلکہ تمام میچز میں اگر سکور برابر رہا تو پھر سپر اوور ہوگا، اگر اس میں بھی سکور برابر رہا تو پھر ایک اور سپر اوور ہوگا، اس طرح فاتح سائیڈ کا تعین ہونے تک یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے ۔گزشتہ ورلڈکپ کی طرح اس بار بھی تمام ٹیمیں ابتدائی مرحلے میں 9 میچز کھیلیں گی، فتح پر 2 پوائنٹس اور فیصلہ نہ ہونے پرایک پوائنٹ ملے گا، ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی، اگر 2 یا اس سے زائد سائیڈز کے پوائنٹس برابر ہوئے تو پھر بہتر رن ریٹ کی حامل ٹیمیں ہی ناک آؤٹ میچ میں حصہ لے سکیں گی۔