چیمپئنز ٹرافی : بھارت کے انکار پر پی سی بی کا معاوضہ لینے کا منصوبہ

چیمپئنز  ٹرافی  :  بھارت  کے  انکار  پر  پی  سی  بی  کا  معاوضہ   لینے  کا  منصوبہ

لاہور (اسپورٹس ڈیسک )پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا 2025 ایڈیشن قریب آرہا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی پر زور دیا ہے کہ اگر ٹیم انڈیا نے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کیا تو وہ انہیں معاوضہ ادا کرے ۔

بتایا گیا ہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے پی سی بی کے سی او او سلمان نصیر کے ساتھ اس سے قبل احمد آباد میں آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ سے ملاقات کی تھی اور وہاں چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی میزبانی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔پی سی بی حکام چاہتے تھے کہ اگر بی سی سی آئی ٹیم انڈیا کو ایونٹ کے لیے پاکستان بھیجنے سے انکار کرتا ہے تو آئی سی سی کسی بھی یکطرفہ فیصلے سے گریز کرے ۔ رپورٹ میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ پی سی بی حکام نے مزید سفارش کی کہ اگر بی سی سی آئی یا ہندوستانی حکومت سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کرتی ہے تو آئی سی سی کو ایک خودمختار سکیورٹی ایجنسی/کمیٹی بنانی چاہیے جو پاکستان کا دورہ کرے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے ۔ حالیہ برسوں میں ہندوستان کے علاوہ ہر بڑی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا ہے اور یہ دورے بغیر کسی سکیورٹی کے مسائل کے کامیابی سے ہوئے ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چیمپئنز ٹرافی کو ایشیاء کپ 2023ء کی طرح ہائبرڈ ماڈل میں منتقل کرنا بھی ایک ممکنہ آپشن ہے اس شرط کے پیش نظر کہ آئی سی سی پاکستان کو ہونے والے نقصانات کی تلافی کرے گی۔ پاکستان نے آخری بار 1996ء میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی کی تھی۔ یہ تین دہائیوں کے قریب ہو گا جس کے بعد پاکستان 2025ء میں آئی سی سی کے ایک بڑے ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں