سرفراز احمد آسٹریلوی کنڈیشنز میں سخت چیلنج کیلئے تیار

سرفراز  احمد  آسٹریلوی  کنڈیشنز  میں  سخت  چیلنج  کیلئے  تیار

سڈنی (اسپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ شان مسعود اچھی طرح ٹیم کو لیکر چل رہے ہیں، 4 روزہ میچ کے لیے پرائم منسٹر الیون اچھی ٹیم ہے ، ہمیں اچھی پریکٹس ملے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ۔۔

سرفراز احمد نے کہا کہ شان مسعود پہلی مرتبہ کپتانی کر رہے ہیں، کپتانی اعزاز کی بات ہوتی ہے ، بابر اعظم ٹیم میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں، بابر اعظم شان مسعود کے ساتھ ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ انفرادی گول ہر کسی کا ہوتا ہے تاہم پاکستان سے نکلتے وقت ہم ٹیم کو گول بنا کر نکلے تھے ، ہمارا گول یہی ہے کہ ہم نے یہاں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے ۔سابق کپتان نے کہا کہ جب آپ کرکٹ کھیلتے ہیں تو جو بھی رول دیا جائے آپ اس کے لیے تیار رہتے ہیں، رضوان اور مجھے جو بھی رول ملے گا اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔سرفراز احمد نے کہا کہ آسٹریلیا اپنے ملک میں ہمیشہ ٹف رہی ہے ، کوشش کریں گے آسٹریلیا کو ٹف ٹائم دیں، ہماری ٹیم بہت اچھی ہے ، میدان میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے ، دونوں ٹیمیں اچھی ہیں میدان میں اچھی کرکٹ کھیلنا پڑتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈیوڈ وارنر کے لیے نیک خواہشات ہیں، کوشش کریں گے کہ ڈیوڈ وارنر کو جلد آؤٹ کر سکیں، ان کو اچھا سٹارٹ نہ لینے دیں، پرتھ ٹیسٹ کے لیے اچھی تیاری کر رہے ہیں، ہمارے فاسٹ بالرز اچھے ہیں، نسیم شاہ کی کمی پوری کر سکتے ہیں۔ آسٹریلوی کنڈیشنز میں سخت چیلنج کیلئے تیار ہیں،سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پریکٹس میچ سے زیادہ زیادہ فائدہ اٹھائیں۔ آسٹریلیا ایک ٹاپ ٹیم ہے ، کنڈیشنز بھی مشکل ہیں مگر ٹیسٹ سیریز میں کینگروز کا اچھا مقابلہ کریں گے ،انہوں نے کہا کہ بابر اعظم، عبداللہ شفیق، سعود شکیل اور سلمان علی آغا سے عمدہ کارکردگی کی امیدیں ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں