بابر اعظم کو دوبارہ کپتانی سونپنے پر سنجیدگی سے غور

بابر اعظم کو دوبارہ کپتانی سونپنے پر سنجیدگی سے  غور

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی بابر اعظم سے ملاقات ہوئی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں بابر اعظم سے کپتانی سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کو دوبارہ کپتانی سونپنے کے حوالے سے سنجیدگی سے غور کیا گیا اس ضمن میں سلیکشن کمیٹی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کے حوالے سے تجاویز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بھجوا دیں۔ذرائع کے مطابق کپتان کے حوالے سے ذمے داری چیئرمین محسن نقوی نے سلیکشن کمیٹی کو دی تھی، سلیکشن کمیٹی نے کام مکمل کر کے تجاویز چیئرمین پی سی بی کو بھجوائیں۔ذرائع نے بتایا کہ کپتان کے لیے سابق کپتان بابر اعظم کا نام بھیجا گیا ہے ۔چیئرمین پی سی بی جلد کپتان کے حوالے سے مشاورت کر کے فیصلہ کریں گے ۔ گزشتہ سال ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے ٹیسٹ کے لیے شان مسعود اور ٹی ٹونٹی کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنایا تھا۔شاہین شاہ آفریدی کو رواں سال جون میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک کے لیے قیادت کی ذمے داری سونپی گئی تھی تاہم وہ اپنے پہلے امتحان میں دورہ نیوزی لینڈ میں بدترین ناکامی سے دوچار ہوئے اور چار ایک سے سیریز گنوائی جس کے بعد پی ایس ایل 9 میں ان کی زیر قیادت دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کی کارکردگی اتنی ناقص رہی کہ 10 میں سے صرف ایک میچ ہی جیت پائی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو پی سی بی اگر دوبارہ قیادت سونپنے کی پیشکش کرتا ہے تو وہ اس اہم ذمے داری کو قبول کرنے سے قبل پی سی بی سے بعض یقین دہانیاں چاہتے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں