پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش،کراچی ٹیسٹ راولپنڈی منتقل

پاکستان  بمقابلہ  بنگلہ دیش،کراچی  ٹیسٹ  راولپنڈی  منتقل

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی سے راولپنڈی منتقل کر دیا،اب دونوں ٹیسٹ میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے ۔

پی سی بی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ تعمیراتی ماہرین سے مشورے کے بعد کیا گیا ہے ، اس پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی۔ کراچی ٹیسٹ تماشائیوں کے بغیر ہونا تھا، راولپنڈی میں شائقین دونوں ٹیسٹ میچ دیکھ سکیں گے ۔پی سی بی کے مطابق پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کی سیریز اسلام آباد میں معمول کے مطابق جاری رہے گی۔سیریز کا پہلا میچ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 30 اگست سے کراچی میں شیڈول تھا جسے اب راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے ۔ٹیسٹ میچ کی منتقلی کا فیصلہ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کیلئے ہونے والے تعمیراتی کام کے باعث کیا گیا ہے ۔پی سی بی کے نئے فیصلے کے بعد اب دونوں ٹیسٹ میچوں میں تماشائی لائیو ایکشن دیکھنے آ سکیں گے ۔خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں