کاشف، خرم کی تباہ کن باؤلنگ،سری لنکااے 115 رنز پرڈھیر

 کاشف، خرم کی تباہ کن باؤلنگ،سری لنکااے 115 رنز پرڈھیر

راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر )کاشف اورخرم کی تباہ کن بالنگ کے باعث سری لنکا اے کی ٹیم پاکستان شاہینز کے خلاف پہلے چار روزہ میچ کے پہلے دن 115 رنز بنا کر آٹ ہو گئی ، کاشف علی نے 5 اور خرم شہزاد نے 4 وکٹیں حاصل کیں ۔۔

 پاکستان شاہینز نے کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 66 رنز بنا لیے ، علی زریاب 18 اور محمد سلیمان 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں ، راولپنڈی سٹیڈیم میں پاکستان شاہینز کے کپتان محمد ہریرہ نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، سری لنکا اے کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور اس کی پہلی 4 وکٹیں صرف 14 رنز پر گر گئیں ، تین بیٹرز اوشادا فرنینڈو، نپون دھنن جایا اور پون رتنائیکے بغیر کوئی رن بنائے آٹ ہوئے ، تینوں کو کاشف علی نے آؤٹ کیا، کپتان پاسندو سوریا بندارا کی مزاحمت صرف 28 رنز تک جاری رہ سکی اوروہ حسین طلعت کی گیند پر آؤٹ ہوئے ، کھانے کے وقفے سے قبل خرم شہزاد نے اپنی دوسری وکٹ وشاد راندیکا کو آؤٹ کر کے حاصل کی، اس سے قبل وہ اہان وکرما سنگھے کو آٹ کر چکے تھے ، سری لنکا اے کیلئے صورتحال دوسرے سیشن میں بھی مختلف نہ تھی اور اس کی چار وکٹیں صرف 25 رنز کے اضافے پر گر گئیں، اس طرح سری لنکا اے اپنی پہلی اننگز میں 115 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، پاکستان شاہینز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور 15 کے مجموعی سکور پر کپتان محمد ہریرہ صرف 6 رنز بنا کر آٹ ہو گئے ، اس کے بعد عبدالفصیح اور علی زریاب نے سکور کو 49 تک پہنچا دیا ، عبدالفصیح دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بنا سکے ،کم روشنی کے سبب پہلے دن کا کھیل ختم کیا گیا تو 30 اوورز ابھی باقی تھے ،آج دوسرے دن کھیل صبح سوا نو بجے شروع ہو گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں